مکہ اور مشاعر مقدسہ اتھارٹی کا قیام حرمین شریفین سے وارفتگی کا مظہر ہے، سعودی علماء

جمعہ 8 جون 2018 13:19

ریاض ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2018ء) سعودی عرب کے ممتاز علماء نے واضح کیا ہے کہ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ رائل اتھارٹی کا قیام ، حرمین شریفین کی تعمیر اور مسلسل خدمت سے جذبے کا آئینہ دار اور حرمین شریفین سے سعودی قیادت اور عوام کی وارفتگی کا مظہر ہے۔

(جاری ہے)

سعودی اخبار کے مطابق سربرآوردہ علماء بورڈ جنرل سیکریٹریٹ نے اعلامیہ جاری کر کے واضح کیا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ رائل اتھارٹی کے قیام اور اس کی قیادت ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو تفویض کر کے پوری دنیا کو جتا دیا کہ حرمین شریفین اور مشاعر مقدسہ کی خدمت سعودی قیادت کے یہاں اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے مزید واضح کیا کہ مملکت کے قیام کے روز اول سے لے کر تاحال سعودی قیادت کا شیوہ یہی رہا ہے کہ حرمین شریفین کیلئے بجٹ کی کبھی کوئی حد بندی نہیں کی گئی۔ حرمین شریفین اور مشاعر مقدسہ میں نافذ العمل منصوبے اور مہیا خدمات اس کا روشن ثبوت ہیں۔