شارجہ: چوروں کی جانب سے امارات کی مساجد سے برانڈڈ شوز چُرانے کی مہم زوروں پر

پولیس کی جانب سے بھی سیکیورٹی کیمروں اور اہلکاروں کی تعیناتی کے ذریعے نگرانی بڑھا دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 8 جون 2018 13:16

شارجہ: چوروں کی جانب سے امارات کی مساجد سے برانڈڈ شوز چُرانے کی مہم ..
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 8 جُون 2018ء) عرب امارات میں مقیم ایسے لوگ ہوشیار ہو جائیں جن کے پاس منفرد ڈیزائنوں والے غیر مُلکی جُوتے موجود ہیں کیونکہ آج کل مساجد سے اس نوعیت کے جوتے چوروں کی خاص نظرِ کرم کا شکار ہیں۔ شارجہ اور عجمان کی مساجد داخلی دروازوں پر نماز کے اوقات کے دوران سادہ کپڑوں میں تعینات پولیس اہلکاروں نے بہت سے ایسے چوروں کو پکڑا ہے جو ایسے منفرد ڈیزائن والے مہنگے جوتے چوری کرتے ہیں‘ جن کی امارات میں مارکیٹ میں دستیابی نہیں ہے۔

شارجہ پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ رمضان کے آغاز سے مسجد کے دروازوں پر سادہ کپڑوں میں تعینات اہلکار مشکوک افراد پر خصوصی نظر رکھ رہے ہیں۔اس سلسلے میں پولیس کی جانب سے کئی چوروں کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق ’’ان چوروں نے اعتراف کیا ہے کہ وہ صرف منفرد ڈیزائن والے مہنگے جوتے ہی چوری کر رہے ہیں کیونکہ ان جوتوں کے ڈپلیکیٹ ڈیزائن والے جوتے تیار کر انہیں باہر کے ملکوں میں بیچا جاتا ہے۔

پولیس نے مسجد کے ائمہ کرام کو ہدایت کی ہے کہ وہ مساجد کے داخلی مقام پرجوتوں کے لیے تالوں والی الماریاں رکھوائیں۔ اس کے علاوہ نمازیوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ نماز کے دوران مہنگے جوتے پہن کر نہ آئیں۔ شارجہ پولیس ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ چوری کے واقعات کی روک تھام کے لیے لگائے کیمروں اور پولیس کی سخت نگرانی کی کارروائیوں کے باعث پچھلے رمضان المبارک کے مقابلے میں اس بار قیمتی سامان اور جوتوں کی چوری کے واقعات میں بہت کمی واقع ہوئی ہے۔

اس مقصد کے لیے مسجد کے داخلی دروازوں اور اِرد گرد سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں‘ جو مشکوک لوگوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ تراویح کے دوران پارکنگ ایریا میں کھڑی گاڑیوں میں سے قیمتی سامان اور جوتوں کی چوری کو روکنے کے لیے بھی مسجد کے اطراف میں پولیس کی نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔جوتوں کی چوری کے 70 فیصد کیسز عوام کی طرف سے رپورٹ کیے گئے ہیں‘ جبکہ 30 فیصد کا پتا نگرانی کرنے والی پولیس نے لگایا ہے۔
شارجہ: چوروں کی جانب سے امارات کی مساجد سے برانڈڈ شوز چُرانے کی مہم ..