مسلم لیگ ن کا منڈی بہاؤالدین میں جلسہ

مریم نواز کو سونے کا تاج پیش کیا جائے گا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 8 جون 2018 14:04

مسلم لیگ ن کا منڈی بہاؤالدین میں جلسہ
منڈی بہاؤالدین (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 جون 2018ء) : مسلم لیگ ن آج منڈی بہاؤالدین میں اپنی سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔ الیکشن کی آمد آمد ہے اور ہر سیاسی جماعت عام انتخابات 2018ء میں اپنی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے الیکشن مہم کا آغاز کر چکی ہے۔ اسی کے پیش نظر مسلم لیگ ن بھی آج منڈی بہاؤالدین میں اپنی سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔اس موقع پر مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے۔

منڈی بہاؤ الدین کے قائد گراؤنڈ میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں۔ مریم نواز کی آمد پر ان کا زبردست استقبال کیا جائے گا۔جبکہ ورکرز کنونشن آمد کے موقع پر مریم نواز کی تاج پوشی بھی کی جائے گی۔ مریم نواز کی تاج پوشی کے لیے مقامی رہنماؤں نے خصوصی طور پر ایک تاج تیار کروایا ہے جس کا وزن 15 تولے ہیں ۔

(جاری ہے)

یہی نہیں خصوصی طور پر مریم نواز کے لیے تیار کروائے جانے والے اس تاج کو قیمتی نگینوں سے بھی مزین کیا گیا ہے۔

ن لیگی کارکنوں کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی آمد پر ان کا پُر تپاک استقبال کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھی ورکرز کنونشن اور جلسوں میں مقامی رہنماؤں کی جانب سے نواز شریف اور مریم نواز کی تاج پوشی کی گئی۔ اس سے قبل سرگودھا میں سیاسی قوت کے مظاہرے کے دوران مریم نواز کو مقامی قیادت کی جانب سے تاج پہنایا گیا تھا ۔ مئیر سرگودھا ملک اکرم نوید نے مریم نواز کو 20 تولہ سونے کا تاج پیش کیا ۔

مریم نواز کے لیے تیار کیے گئے سونے کے تاج کی مالیت 10 لاکھ روپے تھی۔ مریم نواز نے اپنا یہ تاج یتیم خانے کا عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن کچھ ہی دنوں کے بعد مریم نواز کو دیا جانے والا 20 تولہ سونے کا تاج پُر اسرار طور پر غائب ہو گیا۔18 روز گزر جانے کے باوجود بھی مذکورہ تاج کسی بھی یتیم خانے نہیں پہنچا اور پُر اسرار طور پر غائب ہو گیا۔تاج سرگودھا کے مقامی ایم این اے چودھری حامد حمید کے حوالے کیا گیا تھا، تاج غائب ہونے اور یتیم خانے نہ پہنچنے پر مئیر کارپوریشن کا کہنا تھا کہ ہم اس کی چھان بین کر رہے ہیں۔