اسلام آباد اورراولپنڈی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں اچانک لوڈشیڈنگ میں اضافہ

اسلام آباد ،کراچی، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کے کئی علاقوں میں سحری میں بھی بجلی غائب رہی

جمعہ 8 جون 2018 14:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2018ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں اچانک لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہو گیا اسلام آباد ،کراچی، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کے کئی علاقوں میں سحری میں بھی بجلی غائب رہی ۔کراچی کے علاقے کھارادر،لیاقت آباد، اورنگی،گلشن اقبال میں سحری میں بجلی غائب جبکہ گلستان جوہر بلاک 19 میں رات12 بجے سے بجلی کی فراہمی معطل رہی۔

راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں سحری کے اوقات میں بھی غیر اعلانی لوڈ شیڈنگ جاری رہی۔

(جاری ہے)

آئیسکو ذرائع کے مطابق 8 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا شیڈول ملا ہے۔پشاور کے علاقے فقیر کالونی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا گیا، مظاہرین نے روڈ ٹریفک کیلئے بند کیا اور واپڈا کے خلاف نعرے لگائے۔پیسکو حکام کے مطابق تربیلہ ڈیم کے پاور ٹرانسفارمرز پر شدید لوڈ ہے جس کی وجہ سے مردان اور ہری پور میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ ان علاقوں میں اوور لوڈنگ کے باعث عوام کو باربار کی ٹرپنگ اور کم وولٹیج کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ورسک ڈیم سے بجلی کی پیداوار بند ہوگئی ہے جس کے نتیجے میں پشاور اور ملحقہ علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔