الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کرکے نیا انتخابی شیڈول جاری کردیا

انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار اب 11 جون تک کاغذات نامزدگی جمع کراسکتے ہیں ،ْ اسی روز امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری ہوگی امیدواروں کی حتمی فہرست 30 جون کو جاری ہوگی اور ملک بھر میں پولنگ 25 جولائی کو ہی ہوگی ،ْ الیکشن کمیشن

جمعہ 8 جون 2018 14:55

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کرکے نیا انتخابی شیڈول ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2018ء) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کرکے نیا انتخابی شیڈول جاری کردیا ہے۔ جمعہ کو الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کردی ہے۔ نئے انتخابی شیڈول کے مطابق انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار اب 11 جون تک کاغذات نامزدگی جمع کراسکتے ہیں اور اسی روز امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری ہوگی، اس سے قبل کاغذات نامزدگی کی آخری تاریخ 9 جون مقرر کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن نے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل 10 سے 14 جون رکھا تھا تاہم اب نئے شیڈول کے مطابق 19 جون تک کردیا گیا ہے، کاغذات نامزدگی کی منظوری اور مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 22 جون تک دائر ہوسکیں گی اور اپیلوں کو 27 جون تک نمٹایا جائیگا۔ امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 28 جون کو جاری ہوگی اور امیدوار 29 جون تک اپنے کاغذات واپس لے سکیں گے جب کہ امیدواروں کی حتمی فہرست 30 جون کو جاری ہوگی اور ملک بھر میں پولنگ 25 جولائی کو ہی ہوگی۔