مظفرآباد ،ْوزارت مواصلات میں غیر معمولی اجلاس ، شاہرات کی کشادگی ، بہترگی و پختگی کے جاری کاموں کا جائزہ

30جون سے قبل اہداف کا حصول یقینی بنایا جائے ،ْ وزیر مواصلات چوہدری محمد عزیز کا محکمہ شاہرات کے افسران کو حکم

جمعہ 8 جون 2018 15:20

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2018ء) وزارت مواصلات میں غیر معمولی اجلاس ، شاہرات کی کشادگی ، بہترگی و پختگی کے جاری کاموں کا جائزہ ‘ 30جون سے قبل اہداف کا حصول یقینی بنایا جائے ۔ وزیر مواصلات چوہدری محمد عزیز کا محکمہ شاہرات کے افسران کو حکم ‘ جمعہ کے روز وزارت مواصلات میں انچارج وزیر چوہدری محمد عزیز کی زیر صدارت محکمہ کی پراگرس کے حوالے سے اجلاس میں طے پایا ہے کہ 30جون سے قبل طے شدہ اہداف ہر صورت حاصل کئے جائیں اس سلسلہ میں کوئی رعایت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔

سیکرٹری مواصلات اور دونوں چیف انجینئرز سائوتھ اور نارتھ اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں پر رفتار اور معیار کی مانیٹرنگ کریں ۔ تصریحات سے ہٹ کر کئے گئے کاموں کے بلات کی ادائیگی روک دی جائیگی ۔

(جاری ہے)

چوہدری محمد عزیز نے محکمہ شاہرات کے اعلیٰ حکام کو ہدایت کی کہ مالی سال کے اختتام سے قبل اخراجات کا ہدف مکمل کیا جائے بعد ازاں صحافیوں کیساتھ بات چیت کے دوران چوہدری محمد عزیز نے کہا کہ آزاد کشمیر بھرمیں محکمہ شاہرات کے زیر اہتمام سڑکوں کی کشادگی ، بہترگی اور پختگی کے کام انتہائی سرعت کیساتھ جاری ہیں ۔

محکمہ کا فیلڈ سٹاف ان کاموں کی نگرانی کررہا ہے ۔ تمام بین الاضلاعی سڑکوں پر جاری کام 30جون سے پہلے مکمل کرلیں گے ۔ کوشش کررہے ہیں کہ طے شدہ پالیسی پر عمل کرتے ہوئے جاری منصوبہ جات کو اندر معیار مکمل کیا جائے ۔ آزاد کشمیر بھر میں محکمانہ تصریحات کے مطابق سڑکوں کے کام جاری ہیں ۔ محکمہ شاہرات اس سلسلہ میں اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن پوری کررہا ہے ۔

مانیٹرنگ کا عمل موثر بنایا گیا ہے ۔ دونوں چیف انجینئر ، ناظمین اور مہتمم صاحبان اپنے اپنے علاقوں میں جاری کاموں کا روزانہ کی بنیاد پر معائنہ کررہے ہیں ۔ پہلی بار آزاد کشمیر میں جدید مشینری کے ذریعہ سڑکوں کی پختگی کے کام کئے جارہے ہیں ۔ گرمیوں کا موسم شروع ہوتے ہی اسفالٹ کی بچھائی کا کام جدید مشینری کے ذریعہ سرانجام دیا جارہا ہے ۔

موجودہ دور میں بنائی جانیوالی سڑکوں کے معیار کو اولیت دی گئی ہے اور کوشش کی گئی ہے کہ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران 10ارب 80کروڑ روپے مواصلات کے شعبہ کیلئے مختص تھے جبکہ آئندہ مالی سال کیلئے بھی اتنی ہی رقم مختص کی گئی ہے ہم کوشش کررہے ہیں کہ نئے منصوبے رکھنے کے بجائے جاری منصوبوں کومکمل کیا جائے ۔

انشاء اللہ ایک سال کے اندر آزاد کشمیر شعبہ مواصلات میں ترقی یافتہ علاقہ شمار کیا جائیگا۔ وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان اور کابینہ کی جانب سے شعبہ مواصلات کیلئے فراخدلانہ فنڈز کی فراہمی اس بات کا ثبوت ہے کہ آزاد کشمیر حکومت آزاد کشمیر میں رسل و رسائل کی ترقی کیلئے انتہائی سنجیدہ ہے ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر مختلف علاقوں میں ذاتی حیثیت میں جاری کاموں کا معائنہ کررہے ہیں جبکہ وزیر مواصلات میں نے بھی آزاد کشمیر کے علاقوں میں جاری کاموں کا جائزہ لیا ہے ۔

محکمہ کے اعلیٰ افسران روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے کام کی پراگرس سے آگاہ کررہے ہیں ۔ محکمہ شاہرات میں جنگی بنیادوں پر کام جاری ہے اس سال محکمہ شاہرات کیلئے جدید مشینری خریدی جائیگی ۔ ایک اور سوال پر چوہدری محمد عزیز نے کہا کہ کابینہ کی منظوری سے آزاد کشمیر میں ٹول ٹیکس کے نفاذ کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :