ڈپٹی کمشنر عدنان خورشید نے ضلع میرپو رکے دیہاتی علاقوں میں ہونیوالی بجلی کی شیڈول سے زائد لوڈشیڈنگ کانوٹس لے لیا

گرڈ اسٹیشن پرڈیوٹی مجسٹریٹ کے ذریعے لوڈشیڈنگ کاریکارڈ طلب کرلیا

جمعہ 8 جون 2018 15:20

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر سردار عدنان خورشید نے ضلع میرپو رکے دیہاتی علاقوں میں ہونیوالی بجلی کی شیڈول لوڈشیڈنگ سے زائد لوڈشیڈنگ کانوٹس لیکر گرڈ اسٹیشن پرڈیوٹی مجسٹریٹ کے ذریعے لوڈشیڈنگ کاریکارڈ طلب کرلیا۔ڈیوٹی مجسٹریٹ ضلع بھرکے تمام علاقوں میں ہونے والی بجلی کی لوڈشیڈنگ کی مانیٹرنگ کرے گاجبکہ محکمہ برقیات ضلع میرپور کے افسران کااجلاس طلب کرکے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے ہدایات جاری کر دیں۔

انھوں نے محکمہ برقیات کے ضلعی افسران کوہدایت کی کہ وہ بجلی کی لوڈشیڈنگ شیڈول کے مطابق یقینی بنانے کے لیے کارروائی کریں۔ بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کوکنٹرول کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر سردارعدنان خورشید خان نے وزیراعظم سیکرٹریٹ، وزارت برقیات، واپڈاحکام کے نوٹس میں یہ بات لائی ہے کہ ضلع میرپورمیں گذشتہ دنوں تمام جماعتوں ، تاجرتنظیموں، وکلاء، صحافیوں سمیت زندگی کے ہرمکتبہ فکرسے تعلق رکھنے والے افراد کی طرف سے واپڈا اور محکمہ برقیات کے خلاف احتجاج کی کال اس یقین دھانی پرموخر کی گئی تھی کہ ضلع میرپورمیں بجلی کی لوڈشیڈنگ کادورانیہ کم سے کم ہوگا تاہم میرپور شہر میں لوڈشیڈنگ شیڈول کے مطابق ہورہی ہے لیکن دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کادورانیہ طویل ہونے کے باعث لوگوں میں شدید اضطراب پایاجارہاہے۔

(جاری ہے)

ان حالات میں ضلع بھر سے بجلی کی طویل ترین لوڈشیڈنگ کی شکایات میں بھی اضافہ ہورہاہے۔ ڈپٹی کمشنرنے عوامی رد عمل کانوٹس لیتے ہوئے محکمہ برقیات کو ہدایت کی ہے کہ وہ ضلع میرپورمیں بجلی کی لوڈشیڈنگ شیڈول کے مطابق یقینی بنائیں ۔