بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ قبول نہیں‘ رمضان المبارک اور شدید گرمی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کرنا حکمرانوں کی نا اہلی ہے

سابق معاون خصوصی وزیراعظم آزادکشمیرچودھری محمد اشرف کی بات چیت

جمعہ 8 جون 2018 15:45

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 جون2018ء) سابق معاون خصوصی وزیراعظم آزادکشمیرچودھری محمد اشرف نے کہاہے کہ بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ قبول نہیں۔ انتظامیہ شہریوں سے کیا ہوا وعدہ پورا کرئے۔ رمضان المبارک اور شدید گرمی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کرنا حکمرانوں کی نا اہلی ہے۔اہل میرپور نے پاکستان کو سر سبز و روشن رکھنے کے لیے اپنے آباو اجداد کی قبروں کو منگلا ڈیم کی پانی کی نذر کیا ۔

اس قربانی کے باوجود میرپور میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کرنا اہلیان میرپور کی قربانیوں کے ساتھ مذاق ہے۔میرپور کے لوگوں نے منگلا ڈیم کی تعمیر و ریزنگ کے وقت ہجرت کر کے دو دفعہ عظیم قربانیاں دی ہیں ۔ میرپور کی تاریخ جب بھی لکھی جائے گی تو اہلیان میرپور کا نام سہر فہرست ہو گا ۔

(جاری ہے)

اس عظیم قربانی کی مثال دنیا میں کسی جگہ بھی نہیں ملتی۔موجودہ حکومت کو اہل میرپور کی قربانیوں کا ادراک کرتے ہوئے اس شہر کی تعمیر وترقی کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولیات کا خصوصی خیال رکھنا چاہیے ۔

میرپور حلقہ کے وزیر کو لوگوں کے مسائل حل کرنے کی کوئی پرواہ نہیں جس کی وجہ سے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چودھری محمد اشرف نے کہا بجلی کی لوڈ شیڈنگ کو فوری ختم کیا جائے اور ضلعی انتظامیہ میرپور محکمہ برقیات کے ذمہ داران اپنے وعدے کا پاس کریں ورنہ حالات پہلے سے زیادہ خراب ہونگے اور اس کی ذمہ دار ی بھی میرپور حلقہ کے وزیر پر ہوگی۔