ہمارا مقصد صاف اور شفاف الیکشن کروانا ہے جو کہ ہماری ذمہ داری ہے،کرپشن کے معاملات نیب دیکھے گا ہمارا یہ کام نہیں، نگراں وزیراعلیٰ

ہماری کوشش ہوگی صوبے میں ہر دن کام کریں اور عوام سے رابطے میں بھی رہیں، کابینہ کے ارکان کے ہمراہ مزارقائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعہ 8 جون 2018 16:23

ہمارا مقصد صاف اور شفاف الیکشن کروانا ہے جو کہ ہماری ذمہ داری ہے،کرپشن ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2018ء) نگراں وزیراعلی سندھ فضل الرحمن نے کہاہے کہ ہمارا مقصد صاف اور شفاف الیکشن کروانا ہے جو کہ ہماری ذمہ داری ہے،کرپشن کے معاملات نیب دیکھے گا ہمارا یہ کام نہیں ہے ۔ان کی 7 رکنی نگراں کابینہ غیر سیاسی ہے۔جمعہ کو نگران وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمن نے اپنی 7رکنی نگراں صوبائی کابینہ کی گورنر ہائوس میں منعقدہ حلف برداری تقریب کے بعد ان کے ہمراہ مزار قائد پر حاضرد ی اور اس موقع پر میڈیا سے بات چیت بھی کی ۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعلی ہائوس میں الیکشن 2018 کے لیے کمپلینٹ سیل قائم کرلیا گیا ہے جو صوبے بھر میں الیکشن کے حوالے سے شکایات موصول کرے گا جب کہ ہم سب وزراء باری باری اس کو دیکھیں گے۔نگراں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ کرپشن کے معاملات نیب دیکھے گا ہمارا یہ کام نہیں ہے، یہ ذمہ داری اینٹی کرپشن اداروں کی ہے، نیب اپنا آزادانہ کام کرتی ہے، ہمارے سامنے کرپشن کا کوئی کیس آیا تو ضرور دیکھیں گے جب کہ ہماری کابینہ میں کوئی بھی سیاسی لوگ نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہوگی صوبے میں ہر دن کام کریں اور عوام سے رابطے میں بھی رہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں بہت سے محکمے ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر کام کریں گے۔ قبل ازیں گورنر ہائوس میں منعقد ہ حلف برداری تقریب میں سندھ کی 7 رکنی نگراں کابینہ نے گورنر سندھ محمد زبیر سے حلف لیا۔تقریب حلف برداری مں نگراں وزیراعلی سندھ فضل الرحمان، صوبائی سیکریٹریز، آئی جی سندھ، سول سائٹی سمیت اعلی سیاسی وعسکری قیادت نے شرکت کی،جبکہ تقریب کی میزبانی چیف سیکریٹری رضوان میمن نے کی۔

سندھ کی 7رکنی نگراں کابینہ میں خیر محمد جونیجو، جمیل یوسف، ڈاکٹر جنید شاہ، کرنل(ر)دوست محمد چانڈیو، ڈاکٹر سعدیہ رضوی، سائمن جون ڈینیل اور مشتاق علی شاہ شامل ہیں۔حلف برداری کی تقریب کے بعد نگراں کابینہ نے نگراں وزیراعلی سندھ فضل الرحمان کی قیادت میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

وزیراعلی سمیت نگراں اراکین نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کیے۔بعد ازاں نگراں وزیراعلی سندھ کی زیر صدارت نگراں کابینہ کا پہلا اجلاس وزیراعلی ہائوس میں منعقد ہوا، جس میں انہوں اپنی کابینہ اراکین کو کہا کہ ہمین ایمانداری اور خوش اسلوبی سے اپنے فرائض انجام دینے ہیں اور یاد رہے کہ بہترین ماحول میں صاف و شفاف انتخابات کرانے ہیں۔اجلاس میں صوبائی نگراں کابینہ کے اراکین نے ان پر مکمل اعتماد کرنے پر وزیراعلی سندھ کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں تمام کابینہ ارکان سمیت چیف سیکرٹری رضوان میمن، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم، پرنسپل سیکرٹری سہیل راجپوت، ایڈووکیٹ جنرل ضمیر گھمرو، سیکرٹری جی اے ذوالفقار شاہ، سیکرٹری قانون نے شرکت کی۔