عید الفطر پر صوبہ بھر کے وائلڈ لائف پارکس و چڑیا گھروں کے انچارج افسران کی چھٹیاں منسوخ

سکیورٹی انتظامات ، سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی اور سٹاف کی حاضری چیک کرنے کیلئے 10 افسران کی ڈیوٹیاں لگا دی گئیں سیاحوں کو موسم گرما کی شدت سے محفوظ رکھنے کیلئے ٹھنڈے پانی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے خصوصی انتظاما ت کئے جائینگے‘خالد عیاض خان

جمعہ 8 جون 2018 16:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2018ء) عیدکی چھٹیوں کے دوران صوبہ بھرکی وائلڈلائف پارکس اور چڑیا گھروںکے سکیورٹی انتظامات، سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی ، سٹاف کی حاضری اور دیگر معاملات کی چیکنگ اورمانیٹرنگ کیلئے 10 افسران کی ڈیوٹیاں لگادی گئی ہیں، ڈائریکٹر لاہور چڑیا گھر، صوبہ بھر کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز وائلڈ لائف، کیوریٹرز اور ڈسٹرکٹ وائلڈلائف آفیسرز کو عید کی چھٹیوں کے دوران اپنی جگہ تعیناتی پر موجود رہنے کی ہدا یت کی گئی ہے ۔

اس امر کا فیصلہ یہاں ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات وپارکس پنجاب خالد عیاض خان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میںکیاگیاجس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹرز محمد نعیم بھٹی ، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف لاہور ریجن سید ظفر الحسن، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف پبلسٹی عامر مسعوداور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

باقاعدہ جاری ہونیوالے احکامات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف ملتان ریجن محمد سلیم اختر کو وائلڈ لائف پارک رحیم یار خان اور بہاولپور چڑیا گھر ، ڈپٹی ڈائریکٹرسالٹ رینج چکوال رانا شہبازخان کو وائلڈ لائف پارک لوئی بھیر اور وائلڈ لائف پارک مری ، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف لاہور ریجن کولاہور چڑیا گھر ، ڈپٹی ڈائریکٹر سرگودھا محمد انور مان کو وائلڈ لائف پارکس گٹ والا فیصل آباد،کمالیہ ،بھاگٹ اورجھنگ، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف بہاولپور میاں محمد عباس کو ڈی جی خان چڑیاگھر اورفتح پور وائلڈ لائف پارک لیہ، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف ساہیوال ریجن ڈاکٹرمصباح سرور کو وائلڈ لائف پارک وہاڑی اور پیرو وال بریڈنگ سنٹر خانیوال، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف گوجرانوالہ عبدالشکور منج کووائلڈ لائف پارک چھانگا مانگا قصوراور جلو وائلڈلائف پارک ، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف ڈیرہ غازی خان سجادحسین کو وائلڈ لائف پارک پارک بہاولنگراورہیڈ سلیمانکی اوکاڑہ ، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف فیصل آباد ریجن زاہد اقبال شیخ وائلڈلائف پارک جوہرآباداوربھکر منی زو جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹروائلڈ لائف سائینسز گٹ والا فیصل آباد مظہر امتیاز سفاری زو لاہورمیں سکیورٹی انتظامات اورسیاحوں کوفراہم کردہ سہولیات کاجائزہ لیں گے ۔

ڈی جی خالد عیاض خان نے افسران کو عیدالفطر کی چھٹیوں میں تفویض کردہ پارکس اورچڑیاگھروں کی چیکنگ کو یقینی بنانے اورہردورہ کے بعد ڈپٹی ڈائریکٹر ہیڈکوارٹرز محمد نعیم بھٹی کوبذریعہ فون، ایس ایم ایس اور واٹس اپ کے ذریعہ رپورٹ کرنے اور عید کی چھٹیوںکے اختتام پرتحریری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وائلڈلائف پارکس اورچڑیاگھر وں کے انچارج افسران سیاحوں کو گرمی کی شدت سے بچانے کیلئے خصوصی انتظامات کریں اور انہیں ٹھنڈے پانی اور بیٹھنے کیلئے سائبان کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ڈی جی نے سکیورٹی بارے جاری کردہ ایس او پی پر ہرصورت عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عدم عملدرآمد کی صورت میں متعلقہ افسر کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔