پبلک ٹرانسپورٹس میں فرسٹ ایڈ بکس رکھنے کی ہدایت

جمعہ جون 16:49

فیصل آباد۔8جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 جون2018ء) محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے تما م گاڑیوں کے مالکان کو پبلک ٹرانسپورٹس میں فوری طور پر فرسٹ ایڈ بکس رکھنے کی ہدایت کی ہے جس کے باعث کسی بھی حادثہ یا ناگہانی صورت میں مسافروں کو فوری ابتدائی طبی امداد فراہم کی جاسکے گی، سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی فیصل آبادنے بتایاکہ حکومت پنجاب نے بعض مقامات پر گاڑیوں کے حادثات یا دوران سفر مسافروں کی طبیعت ناساز ہونے کی صورت میں بروقت طبی امداد نہ ملنے کے واقعات کاسختی سے نوٹس لیا ہے اور حکم دیا ہے کہ تمام ٹرانسپورٹرز اپنی اندرون و بیرون شہر چلنے والی چھوٹی و بڑی گاڑیوں ، ویگنوں ، بسوں وغیرہ میں فوری طور پر فرسٹ ایڈ بکس رکھیں تاکہ کسی بھی ضرورت کی صورت میں مسافروں کو فوری طبی امداد فراہم کی جاسکے، انہوںنے بتایاکہ گاڑیوں کے ڈرائیورز اور کنڈیکٹرز کو ریڈکریسنٹ سوسائٹی کے توسط سے ابتدائی طبی امداد کی تربیت فراہم کرنے کیلئے بھی اقدامات یقینی بنائے گئے ہیں، انہوں نے بتایاکہ اگر دوران چیکنگ کسی گاڑی میں فرسٹ ایڈ بکس نہ پایاگیا تو متعلقہ گاڑیوں کے ڈرائیورز اور ٹرانسپورٹرز کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی جس کے بعد کوئی عذر قابل قبول نہ ہوگا۔