میسرز ایم این ایم موٹر سائیکل فراڈ کیس:نیب لاہور نے مرکزی ملزم احمد سیال کے قریبی ساتھی محمد وقاص کوسرگودھا سے گرفتار کر لیا

جمعہ 8 جون 2018 16:50

میسرز ایم این ایم موٹر سائیکل فراڈ کیس:نیب لاہور نے مرکزی ملزم احمد ..
لاہور۔8جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2018ء) قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے میسرز ایم این ایم موٹر سائیکل نامی فراڈ میں ہزاروں متاثرین سے دھوکہ دہی اور منافع کا لالچ دیتے ہوئے اربوں روپے کی لوٹ مار کے کیس میں تحقیقات کا سلسلہ آگے بڑھاتے ہوئے مرکزی ملزم احمد سیال کے قریبی ساتھی محمد وقاص کوسرگودھا سے گرفتار کر لیا ، تفصیلات کے مطابق نیب میسرز ایم این ایم موٹر سائیکل کرپشن کیس میں مرکزی ملزم احمد سیال جس نے متعدد سٹاکسٹس اور ڈائریکٹرز کے ذریعی25ہزار روپے کے عوض موٹر سائیکل کی فراہمی کے علاوہ انویسٹمنٹ پر بھاری منافع کا لالچ دیتے ہوئے ہزاروں متاثرین سے اربوں روپے کا فراڈ کیا کی تحقیقات کر رہا ہے، اس ضمن میں آج اہم پیشرفت کے طور پر مرکزی ملزم کے قریبی ساتھی ملزم محمد وقاص کی گرفتاری سرگودھا سے عمل میں لائی گئی ہے، ملزم پر الزام ہے کہ اس نے مبینہ طور پر عوامی پیسہ پر5000 موٹر سائیکل بک کروائے جبکہ 1کروڑ20لاکھ روپے کی رقم بھی بطور کمیشن وصول کی جبکہ مجموعی طور پر اس کیس میں عوام سے لگ بھگ 11ارب روپے کے غبن کی اطلاعات ہیں، نیب حکام کی جانب سے مرکزی ملزم احمد سیال کو19جنوری 2018کو گرفتار کیا گیا جبکہ گزشتہ ہفتہ سٹنگ آپریشن کے دوران 17دیگر سٹاکسٹ کو ایک یوم میں گرفتار کیا گیا، نیب لاہور مجموعی طور پر 26ملزمان کی گرفتاری عمل میں لا چکا ہے جن سے تحقیقات جاری ہیں، تاہم ملزم محمد وقاص کو نیب حکام کیجانب سے احتساب عدالت کے روبرو پیش کرتے ہوئے 13جون تک کا جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے تاکہ تحقیقات کے عمل کو مزید آگے بڑھایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :