Live Updates

پی ٹی آئی رہنما امیر بخش بھٹو کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کردیئے گئے

جمعہ 8 جون 2018 16:52

رتوڈیرو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2018ء) پی ٹی آئی رہنما امیر بخش بھٹو کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کردیئے گئے جبکہ الیکشن آفس کا افتتاح بھی کردیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما امیر بخش خان بھٹو نے جمعہ کے دن اپنے گائوں میرپور بھٹو سے سینکڑوں موٹرسائیکلوں، کاروں، ویگنوں اور بسوں کے تاریخی جلوس کی صورت میں رتوڈیرو پہنچ کر صوبائی حلقہ پی ایس 10 رتوڈیرو کے رٹرننگ افسر کے پاس اپنا نامزدگی فارم جمع کرایا۔

اس سے قبل میرپور بھٹو سے رتوڈیرو شہر تک راستے میں چھوٹے بڑے شہروں کے سینکڑوں افراد نے ان کے قافلے کا شاندار استقبال کرتے ہوئے پھولوں کے پتیاں نچھاور کیں، اس کے بعد رٹرننگ افسر کی آفس کے باہر میڈیا کے نمائندوں اور ہزاروں پارٹی کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے جناب امیر بخش بھٹو نے کہا کہ وہ دن گئے جب جیالے عوام سے بھیڑ اور بکریوں جیسا سلوک کرتے ہوئے ان کا مینڈیٹ دھاندلی کے ذریعے چراتے تھے اب انہیں اس قسم کی حرکت ہرگز نہیں کرنے دیں گے۔

(جاری ہے)

امیر بخش خان بھٹو نے مزید کہا کہ زرداری پارٹی کے پاس بھٹو خاندان کے شہداء کے صدقے اور قسمیں دینے کے سوائے اور کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے بھٹوئوں کے خون کے صدقے میں 10 سال سندھ پر قبضہ کیا اور سندھ اور سندھیوں کو تباہ و برباد کر کے صرف اپنے پیٹ بھرے ہیں۔ سندھ کی عوام ان کے کرتوتوں، نااہلی، دھوکہ دہی اور فراڈ سے تنگ آ چکی ہے، اب جب زرداری پارٹی والے پریشان و تنگ حال عوام سے ووٹ مانگنے آئیں گے تو انہیں خود ہی پتہ چل جائے گا۔

امیر بخش خان بھٹو نے مزید کہا کہ عید کے بعد باضابطہ انتخابی مہم کا آغاز کریں گے، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور عوام کی دعائوں اور حمایت سے کامیاب ہوکر ان کی خدمت کریں گے۔ دوسری جانب امیر بخش خان بھٹو نے رتوڈیرو شہر میں الیکشن آفس کا افتتاح بھی کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات