عراق کا شام میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملہ،

متعددکمین گاہیں تباہ ایف 16 لڑاکا طیارے نے داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے اور اس کو تباہ کردیا ،عراقی فوج کا بیان

جمعہ 8 جون 2018 17:01

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2018ء) عراق نے پڑوسی ملک شام میں سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملہ کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق عراقی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ ایف 16 لڑاکا طیارے نے داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے اور اس کو تباہ کردیا ہے۔داعش نے عراق میں شکست کے بعد اب شام کے سرحدی علاقے میں اپنے ٹھکانے بنا رکھے ہیں۔

2014ء کے بعد ایک وقت میں داعش کا عراق کے ایک تہائی علاقے پر قبضہ تھا لیکن گذشتہ ڈیڑھ سال کے دوران میں عراقی سکیورٹی فورسز نے اس سخت گیر جنگجو گروپ کے زیر قبضہ تمام علاقے واپس لے لیے ہیں۔

(جاری ہے)

عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے گذشتہ سال دسمبر میں داعش کے خلاف جنگ میں حتمی فتح کا ا علان کیا تھا۔ اس جنگجو گروپ کو شام میں بھی شکست سے دوچار ہونا پڑا ہے اور اب بہت تھوڑا علاقہ اس کے قبضے میں رہ گیا ہے۔

عراق اور شام میں شکست کے بعد سے داعش نے گوریلا جنگی حربے استعمال کرنا شروع کردیے ہیں اور اس کے جنگجو وقفے وقفے سے عراق کے مختلف علاقوں میں بم دھماکے اور حملے کرتے رہتے ہیں۔عراقی فضائیہ نے گذشتہ سال سے شامی صدر بشارالاسد او ر امریکا کی قیادت میں داعش مخالف اتحاد کی منظوری کے بعد شام میں اس جنگجو گروپ کے خلاف متعدد فضائی حملے کیے ہیں۔