مکہ اور مدینہ کے درمیان حرمین ٹرین کے 4 اسفار مکمل،

800افرادکا سفر دونوں شہروں کے درمیان تجرباتی سفر کا دورانیہ دوگھنٹے تیس منٹ،براہ راست سفر دوگھنٹے کا ہوگا،انتظامیہ

جمعہ 8 جون 2018 17:01

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2018ء) سعودی عرب میں حرمین ٹرین کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان چار اسفار میں 800 سے زیادہ مسافروں کی میزبانی کی۔سعودی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق مملکت میں جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سربراہ ڈاکٹر رمیح بن محمد الرمیح کے مطابق حرمین ٹرین کو شہریوں اور دونوں مقدس شہروں کا رخ کرنے والے معتمرین کی جانب سے بڑی توجہ اور پذیرائی حاصل ہوئی جو منصوبے کے لیے کام کرنے والے تمام افراد کے واسطے ایک اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت دونوں شہروں کے درمیان تجرباتی سفر کا دورانیہ دوگھنٹے تیس منٹ ہے جس کے دوران بعض اسٹیشنوں پر رکا جاتا ہے۔ البتہ براہ راست سفر 2 گھنٹے کا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ ہر ہفتے کے اختتام پر شہریوں کے لیے مخصوص پہلا مفت سفر یکم جون 2018ء کو مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ تک مکمل ہوا۔ یہ سلسلہ ستمبر میں کمرشل آپریشن شروع ہونے تک جاری رہے گا۔

ڈاکٹر الرمیح نے حرمین ٹرین کے منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے اہم کردار ادا کرنے پر خادم حرمین شریفین اور ان کے ولی عہد کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔دوسری جانب منصوبے کے ڈائریکٹر جنرل انجینئر محمد فدا نے واضح کیا کہ حرمین ٹرین میں سفر کے تجربے سے لطف اندوز ہونے کے خواہش مند افراد کا ایک جمِ غفیر ہے۔ان کے مطابق منصوبے کی برقی ٹرین کی رفتار 300 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

تقریبا 450 کلو میٹر طویل سفر پانچ اسٹیشنوں پر مشتمل ہے۔ ان میں مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ ، رابغ میں کنگ عبداللہ اکنامک سِٹی ، جدہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور جدہ شہر شامل ہیں۔ حرمین ٹرین کے منصوبے میں ٹرینوں کی تعداد 35 ہے۔ ہر ٹرین 13 بوگیوں پر مشتمل ہے اور ٹرین میں ایک وقت میں 417 افراد کے سفر کی گنجائش ہے۔ منصوبے کے ذریعے سالانہ 6 کروڑ افراد سفر کر سکیں گے۔