فٹبال ورلڈ کپ 2018،فیفا نے 24لاکھ سے زائد ٹکٹس جاری کر دئیے

سب سے زیادہ روس کے شائقین کو 8لاکھ 71ہزار 797ٹکٹ جاری کیے گئے،ا مریکا کے شائقین کیلئے 88ہزار 825، برازیل کیلئی72ہزار 512 اور چین کیلئی40ہزار 251 ٹکٹس جاری کئے گئے

جمعہ 8 جون 2018 17:33

فٹبال ورلڈ کپ 2018،فیفا نے 24لاکھ سے زائد ٹکٹس جاری کر دئیے
ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 جون2018ء) فٹبال کے عالمی مقابلے فیفا ورلڈ کپ 2018کے آغاز میں ابھی چند روز باقی ہیں لیکن شائقین کا جذبہ عروج پر پہنچ گیا ہے اور شائقین کے اسے جذبے کو دیکھتے ہوئے فیفا نے 24لاکھ سے زائد ٹکٹ جاری کردیئے ہیں۔اس حوالے سے فیفا کی ایک رپورٹ کے مطابق روس میں کھیلے جانے والے فیفا ورلڈ کپ 2018کے ٹکٹ کی سیل دنیا میں 15ستمبر 2017سے جاری ہے اور دنیا میں موجود شائقین کو اب تک لاکھوں ٹکٹ جاری کیے جاچکے ہیں۔

فیفا میچز کے لیے سب سے زیادہ روس کے شائقین کو 8لاکھ 71ہزار 797ٹکٹ جاری کیے گئے، اس کے بعد امریکا کے شائقین کے لیے 88ہزار 825، برازیل 72ہزار 512، کولمبیا 65ہزار 234 ، جرمنی 62ہزار 541، میکسیکو 60ہزار 302، ارجنٹائن 54ہزار 31، پیرو 43ہزار 583، چین 40ہزار 251، آسٹریلیا 36ہزار 359اور انگلینڈ کے 32ہزار 362شائقین کو ٹکٹ جاری کیے گئے جبکہ ٹکٹ کی سیل 15جولائی تک جاری رہے گی، جس کے بعد ان اعداد و شمار میں تبدیلی بھی متوقع ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب فیفا کی جانب سے فٹ بال شائقین کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے اضافی ٹکٹ کی فراہمی کا اعلان کردیا گیا۔شائقین میں عالمی ورلٹ کپ کے جنون کو دیکھتے ہوئے فیفا کی جانب سے براہ راست ٹکٹ کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ایک لاکھ سے زائد ٹکٹ جاری کیے جائیں گے، یہ ٹکٹ پہلے فیفا کے دیگر گروپس کی جانب سے محفوظ کرائے گئے تھے جو 8 جون سے فیفا کی ویب سائٹ پر پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر دستیاب ہیں۔

فیفا کی جانب سے جاری کردہ یہ اضافی ٹکٹ تمام میچز کے لیے ہوں گے جبکہ اس میں 4 کٹیگری شامل ہو گی جو مخصوص مقابلوں کے لیے صرف روس کے شہریوں کے لیے مختص ہوں گی۔ٹکٹ کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر فیفا کی جانب سے شائقین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ جلد سے جلد اپنا ٹکٹ خریدیں کیونکہ مانگ میں اضافے کے باعث ٹکٹ جلد ختم ہونے کا امکان ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل فیفا ورلڈ کپ 2018 کے پیش نظر روس کی جانب سے عارضی ویزا پالیسی کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے تحت غیر ملکی شائقین کے لیے ان کا ٹکٹ ہی ویزا ہوگا جس پر وہ روس میں داخلے کے حقدار ہوں گے۔

روسی حکومت کی جانب سے اس عارضی پالیسی کا اطلاق پاکستان سے تعلق رکھنے والے شائقین پر بھی ہوگا، تاہم پاکستانی شائقین کو اس کے لیے فیفا سے اپنا ٹکٹ اور فین آئی ڈی حاصل کرنا ہوگی۔