سرگودھا:عام انتخابات ، ضلع کے 680پولنگ اسٹیشنزحساس قرار

جمعہ 8 جون 2018 17:42

سرگودھا۔8جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2018ء) آئندہ عام انتخابات کیلئے ضلع سرگودھا کے پولنگ اسٹیشنوں کو اے ، بی اور سی کیٹیگری میں تقسیم کر کے سکیورٹی پلان کی تیاری شروع کردی گئی ہے ، الیکشن میں فوج اور رینجرز کے علاوہ پنجاب کانسٹیبلری سے بھی نفری کی مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ضلع کی تمام تحصیلوں جن میں شاہ پور ، سلانوالی ، بھلوال ، کوٹ مومن ، بھیرہ، ساہی وال میں عام انتخابات کیلئے 1680پولنگ اسٹیشنز قائم کئے جائیں گے، سیکورٹی پلان کے مطابق ضلع سرگودہا میں 155پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دے کر اے (A) کیٹیگری ، 145کو بی(B) کیٹیگری جبکہ 1380پولنگ اسٹیشنز کو سی(C)کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے، اس سلسلہ میں ڈی پی او کیپٹن (ر)محمد سہیل احمدچوہدری نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سکیورٹی کے فُول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس سلسلہ میں کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی کوبرداشت نہیں کیا جائیگا ۔