آئی ٹی یولاہور میں مستقل وائس چانسلر کی تقرری کیلئے انٹرویوزدوہفتے کیلئے ملتوی

ایچ ای ڈی کو ترمیم کرکے دوبارہ اشتہار دینے کی ہدایت

جمعہ 8 جون 2018 17:43

لاہور۔8جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2018ء) انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی لاہور میں مستقل وائس چانسلر کی تقرری کیلئے انٹرویوز ملتوی کردیئے گئے، وی سی کی تقرری کیلئے درخواست جمع کرانے والے امیدواروںکی تعداد انتہائی کم ہونے کی وجہ سے انٹرویوز دو ہفتے کیلئے ملتوی کرنیکا فیصلہ کیا گیا، سرچ کمیٹی نے ایچ ای ڈی کو ترمیم کرکے دوبارہ اشتہار دینے کی بھی ہدایت کردی ، تفصیلات کے مطابق آئی ٹی یو میں مستقل وائس چانسلر کی تقرری کیلئے سرچ کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز ارفا کریم ٹاور میں منعقد ہوا، اجلاس میں تین امیدواروںکو انٹرویوکیلئے بلایا گیا تھا، ذرائع کے مطابق ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے قومی اخبارات میں آئی ٹی یونیورسٹی میں مستقل وائس چانسلر کی تقرری کیلئے اشتہار دیا گیا، جس میںصرف پانچ امیدواروں نے درخواستیں جمع کروائی ہیں جبکہ سابق وی سی آئی ٹی یو ڈاکٹر عمر سیف سمیت تین امیدواروںکو انوکھی سیکروٹنی کے بعد انٹرویو کیلئے فائنل کیا گیا ، ذرائع کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی لاہور میں مستقل وائس چانسلر کی تقرری کیلئے درخواست جمع کروانے والے امیدواروںکی تعداد انتہائی مایوس کن ہونے کی وجہ سے تاریخ میں دو ہفتے کی توسیع دیکر دوبارہ اشتہار دینے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں، ذرائع کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی میں مستقل وائس چانسلر کی تقرری کیلئے انٹرویوز پانچ رکنی سرچ کمیٹی کریگی،کمیٹی کے کنوینئر ایگزیکٹو ڈائریکٹر اخوت فائونڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب ہونگے، دیگر ممبران میں ڈائریکٹر فاسٹ یونیورسٹی لاہور کیمپس، سابق چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر جاوید غنی، چیئرمین بورڈ آف گورنرز نور انٹرنیشنل یونیورسٹی، ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب بیرسٹر نبیل اعوان شامل ہیں۔