Live Updates

جوڑ میلہ کی تقریبات میں شرکت کیلئے بھارت سے 84 سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے

جمعہ 8 جون 2018 18:01

لاہور۔8جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2018ء) سکھ مذہب کے گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن ( جوڑ میلہ )کی تقریبات میں شرکت کیلئے بھارت سے 84 سکھ یاتری واہگہ ریلوے سٹیشن کے راستے پاکستان پہنچ گئے، متروکہ وقف املاک بورڈ کے سیکرٹری طارق خان ، پردھان سردار تارا سنگھ ، ڈپٹی سیکرٹری عمران گوندل،سابقہ پردھان سردار بشن سنگھ ، پی آر او عامر حسین ہاشمی،سکیورٹی انچارج فضل ربی و دیگر سکھ رہنمائوں نے واہگہ ریلوے اسٹیشن پر انکا استقبال کیا، واہگہ بارڈر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری بورڈ محمد طارق خان نے خصوصی تعاون پر انڈین ہائی کمشنر کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ پاکستان سکھوں کیلئے ایک مقدس جگہ ہے ہم ہر مرتبہ مذہبی تقریبات کی ادائیگی و مہمان نوازی کیلئے بھر پور اقدامات کرتے ہیں ، انہوںنے کہا کہ سکھ قوم کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہوکر اپنے تمام تر اختلافات ختم کرکے متحد ہونا چاہیے ، مہمان نوازی سنت رسول ہے اور ہم اس پر عمل پیرا ہیں، روز جمعہ اور حالت روزہ میں بھی دین اسلام کے احکامات کے مطابق غیر مسلموں کی خدمت کیلئے پیش پیش ہیں، انہوںنے بتایا کہ گرو ارجن دیو کی مرکزی تقریب 16جون کو منعقد ہو گی اس دن تمام عالم اسلام عید الفطر کی خوشیاں منا رہے ہوں گے جبکہ ہم اپنے سکھ بھائیوں کے ہمرہ انکی مذہبی رسومات میں شریک ہوں گے ، پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان سردار تارا سنگھ نے کہا کہ پاکستان میں سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی اپنے شیڈول کے مطابق تمام تر مذہبی رسومات اداکی جاتی ہیں حکومت پاکستان اور ٹرسٹ بورڈ پی ایس جی پی کے ساتھ مل کر سکھ یاتریوں کی سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات میں مصروف عمل ہے اور ہم مہمانوں کیساتھ رہیں گے، سکھ قوم میں اختلافات پید کرنے والے کبھی کامیاب نہ ہوں گے بھارتی حکومت کو اپنے رویے میں تبدیلی لانا چاہیے، سکھ یاتریوں کے پارٹی لیڈرسردار جنگ سنگھ نے کہا کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے ہمیں یہاں آنے سے کوئی نہیں روک سکتا، ہم اپنے گورو کی دھرتی پر حاضری کیلئے آتے رہیں گے، ہمیں پاکستان سے بہت محبت ہے، جتھہ کے ہمرا ہ آئے سردار پریتم سنگھ اور سردار گورومیت سنگھ نے پاکستان یاترا کیلئے آنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مسلمانوںکے اس لازوال محبت پر ہم انکا جتنا بھی شکریہ ادا کریں کم ہے کہ وہ اپنی عبادات چھوڑ کر ہمارے خدمت کیلئے یہاں پر آئے ہیں، اس موقع پر سکھ مسلم دوستی زندہ باد پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے ، شیڈول کے مطابق یاتری گوردوار پنجہ صاحب حسن ابدال روانہ ہوگئے، مرکزی تقریب 16جون کوصبح 8بجے گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں ادا کی جائیگی، سکھ یاتری اپنی یاترا مکمل کر کے 17جون کو واہگہ ریلوے سٹیشن سے ہمسایہ ملک واپس چلے جائیں گے ۔

Live عید الفطر سے متعلق تازہ ترین معلومات