اسلام آباد میں پانی کی قلت کا مسئلہ فوری حل کیا جائے ،ْ محمد نوید ملک

جمعہ 8 جون 2018 18:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر محمد نوید ملک نے کہا کہ اسلام آباد کے متعدد سیکڑوں میں تاجر برادری سمیت عوام کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے جس وجہ سے ان کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اسلام آباد میں پانی کی کمی کا مسئلہ جلد حل کرنے کیلئے متعلقہ اداروں کو فوری ہدایات جاری کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجروں کے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس نے سابق صدر محمد اعجاز عباسی کی قیادت میں چیمبر کا دورہ کیا اور قائم مقام صدر کو پانی کی قلت کی وجہ سے پیش آنے والی مشکلات سے آگاہ کیا۔ وفد میں چیمبر کے سابق صدر باصر دائود، ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن بلیو ایریا کے سیکرٹری جنرل راجہ حسن اختر، فاروقیہ مارکیٹ کے صدر خالد چوہدری، عشر حفیظ، شیراز صدیقی، سیف الرحمٰن اور سعید بھٹی شامل تھے۔

(جاری ہے)

چیمبر کے نائب صدر نثار مرزا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ محمد نوید ملک نے کہا کہ ماہ رمضان کے دوران شدید گرمی کے اس موسم میں پانی کے بغیر شہریوں کا گزارہ نہیں ہو سکتا جبکہ روزانہ سینکڑوں شہری پانی کی فراہمی کیلئے شکایات درج کراتے ہیں لیکن ان کی شکایات پر کوئی توجہ نہیں دی جاتی اور متعلقہ ادارے مسئلے کو حل کرنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں لے رہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں سملی ڈیم پانی کی فراہمی کا سب سے اہم ذریعہ ہے لیکن بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے ڈیم میں پانی کی مقدار بہت کم ہو گئی ہے جبکہ روزانہ اس ڈیم سے 20سے 35ملین گیلن پانی حاصل کیا جاتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ کم بارشوں کی وجہ سے خانپور ڈیم میں بھی پانی کافی کم ہو گیا ہے لیکن سی ڈی اے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن نے اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے ابھی تک کوئی متبادل حکمت عملی وضع نہیں کی جس سے اندیشہ ہے کہ آنے والے دنوں میں پانی کی قلت کا مسئلہ مزیدشدت اختیار کر جائے گا۔

آئی سی سی آئی کے قائم مقام صدر نے کہا کہ اسلام آباد میں پانی کی لائنوں کا نیٹ ورک بھی بہت پرانا ہو چکا ہے اور ان لائنوں کے لیک ہونے سے ہزاروں گیلن پانی روزانہ ضائع جاتا ہے جس سے مسئلہ مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن پانی کے نیٹ ورک کو اپ گریڈ کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں تا کہ پانی کو ضائع ہونے سے بچایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پانی انسان کی بنیادی ضرورت ہے اور اس کے بغیر زندگی کا تصور ممکن ہے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد کے جن علاقوں میں پانی کی قلت ہے وہاں متعلقہ ادارے پانی کے ٹینکرز کے ذریعے عوام کو پانی کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ ماہ رمضان میں عوام کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے حکومت سے بھی اپیل کی کہ وہ اسلام آباد کے شہریوں کی سہولت کیلئے واٹر سپلائی نظام کو درست کرنے کے فوری احکامات جاری کریں۔