Live Updates

راس الخیمہ:رمضان المبارک کے دوران ٹریفک خلاف ورزیاں عروج پر پہنچ گئیں

ٹریفک پولیس کی جانب سے جُرمانے کے 7,438 ٹکٹ جاری کیے گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 8 جون 2018 17:41

راس الخیمہ:رمضان المبارک کے دوران ٹریفک خلاف ورزیاں عروج پر پہنچ گئیں
راس الخیمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 8 جُون 2018ء) راس الخیمہ میں رمضان کے ابتدائی دِنوں میں بڑی تعداد میں ٹریفک کی خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔ وجہ یہ بیان کی گئی ہے کہ روزہ دار افطار کے وقت گھر پہنچ کر گھر والوں کے ساتھ روزہ افطار کرنے کے جوش میں ٹریفک قوانین کو خاطر نہیں لاتے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے ریاست میں رمضان المبارک کے پہلے 13 روزوں کے دوران ٹریفک خلاف ورزی پر 7438 ٹکٹ جاری کئے گئے۔

راس الخیمہ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیر ڈاکٹر محمد سعید الحُمیدی نے بتایا کہ ٹریفک خلاف ورزیوں کی بناء پر کئے گئے جرمانوں میں سب سے زیادہ جرمانے رفتار کی حد کراس کرنے پرکئے گئے۔ جبکہ گیارہ افراد کو بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ’’قانون کی رُو سے بغیر لائسنس کار چلانے والے کوتین ماہ قید کی سزا یا چھے ہزار اماراتی درہم جرمانہ یا دونوں سزائیں اکٹھی بھی دی جا سکتی ہیں۔

بغیر لائسنس کے گاڑی چلانا جُرم ہے اور اس کو ذرّہ برابر بھی برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ ٹریفک قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں پر لازمی جرمانہ عائد کرنا چاہیے۔ٹریفک رولز عوام کے تحفظ کے لیے تشکیل دیئے جاتے ہیں۔‘‘ بریگیڈیئر حُمیدی نے مزید بتایا کہ محکمے کی جانب سے ٹریفک قوانین کی شدید خلاف ورزی کی بناء پر 30 گاڑیاں بھی ضبط کر لی گئی ہیں۔

راس الخیمہ پولیس کی جانب سے لوگوں میں ٹریفک قوانین کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کے لیے عربی‘ انگریزی اور اُردو زبان میں بروشرز بھی تقسیم کیے گئے ہیں۔ ٹریفک کلچر میں بہتری لانے کے لیے حکومتی اور مقامی اداروں کے تعاون سے بہت سارے لیکچرز کا انعقاد بھی کروایا گیا ہے۔ راس الخیمہ پولیس عوام کی جان کے تحفظ کے عزم پر کاربند ہے۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات