برٹش ایلومنیائی پاکستانی معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، رچرڈ کراوڈر

جمعہ 8 جون 2018 18:09

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2018ء) قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر رچرڈ کراوڈر نے کہا ہے کہ برٹش ایلومنیائی پاکستانی معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔پہلے عاصمہ جہانگیر سکالرشپ2018-19 کا اعلان جلد کیا جائیگا،یہ سکالر شپ ہر سال بہترین خاتون چیوننگ امیدوار کو دی جائیگی۔ یہ باتیں انہوںنے گزشتہ روز پاکستان میں چیوننگ ایلومینائی کے اعزاز میں منعقدہ افطار ی استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

استقبالیے میں اسلام آباد،لاہور اور پشاور سے چیوننگ سکالرز ،چیوننگ ایشیا جرنلزم پروگرام فیلوز،برٹش ایلومینائی ایسوسی ایشن پاکستان کے ارکان اور برٹش ہائی کمشن ،ڈی ایف آئی ڈی اور برٹش کونسل کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر رچرڈ کراوڈر نے چیوننگ سکالرشپس اور برطانیہ میں تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے چیوننگ سکالرز ،فیلوز اور برٹش ایلومینائی سے مل کر نہایت خوشی ہوئی جنہوں نے اپنے کیریئر میں اونچا مقام پایا اور پاکستانی معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ پاکستان بھر کے مستقبل کے لیڈرز کو دنیا کی معروف جامعات میں پڑھنے اور پیشہ ورانہ صلاحیتین نکھارنے اور برطانوی ثقافت کا مشاہدہ کرنے کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔