مقبوضہ کشمیر ،بطور انسانی ڈھال استعمال ہونے والے بہادر کشمیری نے مشہور شو بگ باس میں شرکت کی پیشکش ٹھکرا دی

پروڈیوسرز نے شرکت کے بدلے 50 لاکھ بھارتی روپے دینے کی آفر کی،بہادر کشمیری فاروق ڈار

جمعہ 8 جون 2018 18:10

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں انسانی ڈھال بنائے جانے والے نوجوان فاروق ڈارمشہور بھارتی رئیلٹی شو بگ باس میں شرکت کی پیشکش ٹھکرا دی، پروڈیوسرز نے شرکت کے بدلے 50 لاکھ بھارتی روپے دینے کی آفر کی۔مقبوضہ کشمیر میں انسانی ڈھال بنائے جانے والے نوجوان فاروق ڈار نے بالی وڈ اداکار سلمان خان کے مشہور رئیلٹی شو بگ باس میں شرکت کی پیشکش ٹھکرا دی۔

گزشتہ سال اپریل میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت کا واقعہ سامنے آیا تھا جس میں قابض فوج نے پتھرا سے بچنے کے لیے کشمیری نوجوان فاروق ڈار کو جیب کے بمپر سے باندھ دیا تھا۔فاروق ڈار کو بھارتی فوج نے انسانی ڈھال بناکر کئی علاقوں میں گھمایا تھا جب کہ قابض بھارتی فوج نے دعوی کیا تھا کہ گرفتار نوجوان پتھرا میں ملوث تھا ۔

(جاری ہے)

اب اسی کشمیری نوجوان کی جانب سے بالی وڈ اداکار سلمان خان کے شوبگ باس کے سیزن 11 میں شرکت کی پیش کش ٹھکرانے کی خبر سامنے آئی ہے۔

اپنے ایک انٹرویو میں فاروق ڈار کا کہنا تھا کہ بگ باس کے پروڈیوسرز نے شرکت کے بدلے 50 لاکھ بھارتی روپے دینے کی آفر کی لیکن انہوں نے کسی بھی صورت شو میں شرکت سے انکار کردیا۔ یاد رہے کہ سلمان خان کا مشہور رئیلٹی شو بگ باس کا 11 واں سیزن تھا جس میں کئی متنازع شخصیات نے شرکت کی تھی جس میں بھارتی ماڈل عرشی خان بھی شامل تھیں جنہوں نے شاہد خان آفریدی کے ساتھ تعلقات کا دعوی کیا تھا۔