امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کی ایس او ایس ولیج اسلام آباد میں 100 سے زیادہ بچوں اور عملے کے ساتھ رمضان المبارک کی مناسبت سے ہونے والی سرگرمیوں میں شرکت

جمعہ 8 جون 2018 18:28

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2018ء) امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے ایس او ایس ولیج اسلام آباد میں 100 سے زیادہ بچوں اور عملے کے ساتھ رمضان المبارک کی مناسبت سے ہونے والی سرگرمیوں میں شرکت کی۔سفیر ہیل نے ایس او ایس ولیج کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ پاکستان بھر میں ہزاروں بچوں کو پناہ اور روشن مستقبل فراہم کر رہا ہے۔

جمعہ کو امریکی سفارتخانہ کے مطابق سفیر ڈیوڈ ہیل نے حاضرین کو پی یو اے این اور امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کی جانب سے رمضان المبارک اورعید کی پیشگی مبارکباد بھی پیش کی۔آدھے دن پر محیط ان تقریبات میں مصوری ، قصہ خوانی کی محفل اور پاکستان۔امریکہ ایلومنائی نیٹ ورک(پی یو اے این) اسلام آباد۔راولپنڈی کے زیر اہتمام افطار ی شامل تھی۔

(جاری ہے)

سفیر ہیل نے بچوں سے ملاقات کی اور اٴْن کے تیار کیے گئے فن پاروں کو سراہا ، بچوں میں عید کے تحائف بھی تقسیم کیے، اور اس موقع پر موجود بچوں، عملے کے ارکان اور 30 پی یو اے این رضاکاروں سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے امریکی اور پاکستانی معاشرہ میں مشترکہ اقدار امن، شکر گزاری ، برداشت و رواداری اور یگانگت کو اٴْجاگر کیا۔انہوں نے تقریب منعقد کرنے پر پی یو اے این کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ تقریب ایس او ایس ولیج پاکستان کے بہت سارے سابق باسیوں کی یاد تازہ کر رہی ہے جو ڈاکٹر، فوجی افسراور اساتذہ بن قوم کے لیے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

پی یو اے این 25000 طالبعلموں اور پیشہ ورافراد کا نیٹ ورک ہے ،جنہوں نے امریکی حکومت کی مالی اعانت سے چلنے والے تبادلہ پروگراموں میں شرکت کی ہے۔