آئندہ عا م انتخابات 2018 ء میں حصہ لینے والے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ تیز ہو گیا ، الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی کی تاریخ 11 جون تک بڑھا دی ہے

جمعہ 8 جون 2018 18:33

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2018ء) آئندہ عا م انتخابات 2018 ء میں حصہ لینے والے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے، الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی کی تاریخ 11 جون تک بڑھا دی ہے تاہم پولنگ شیڈول کے مطابق 25 جولائی کو ہی ہوگی، الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 11 جون مقرر کی گئی ہے۔

جمعہ کو ملک بھرمیں ریٹرننگ آفیسران کے دفاتر میں گہما گہمی رہی ۔

(جاری ہے)

امیدواران اپنے حامیوں کے ہمراہ کاغذات نامزدگی جمع کراتے رہے۔11 جون کو امیدواروں کی عبوری فہرست جاری کی جائے گی۔ ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 19 جون تک ہوگی جبکہ ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 22 جون جبکہ اپیلٹ ٹربیونلز کی جانب سے یہ اپیلیں 27 جون تک نمٹائی جائیں گی۔ امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 28 جون کو جاری کی جائے گی جبکہ امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی واپس لینے اور فہرست کا اجراء 29 جون جبکہ امیدواروں کو انتخابی نشانات 30 جون کو الاٹ کئے جائیں گے۔