خسرہ کی مہلک بیماری سے بچائو اور احتیاطی تدابیر اختیار کر کے ہی ہم صحتمند معاشرے کی تشکیل میں ممد و معاون ثابت ہو سکتے ہیں،نعمان آفریدی

جمعہ 8 جون 2018 18:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نعمان افضل آفریدی نے کہا ہے کہ خسرہ کی مہلک بیماری سے بچائو اور احتیاطی تدابیر اختیار کر کے ہی ہم صحت مند معاشرے کی تشکیل میں ممد و معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے دفتر میںمتعدی بیماریوں کی روک تھام سے متعلق انتظامات کے جائزہ اجلاس سے کیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈیرہ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، ای پی آئی کے انچارج اور محکمہ تعلیم و صحت کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ خسرہ جیسی مہلک بیماری سے متعلق گزشتہ سابقہ اجلاس میں لوگوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے متعلق شعور و آگہی پیدا کرنے پر زور دیا گیا تھا تاہم اس حوالے سے مختلف اقدامات اٹھائے گئے جن کے خاطر خواہ نتائج حاصل ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ ماہ کی رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ خسرہ کے کیسز میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ میزلز کیمپین اکتوبر 2018ء میں پلان کی گئی ہے ۔ خسرہ بیماری سے متعلق بروقت آئی پی وی ویکسی نیشن سے بیماری پر قابو پایا جا سکتا ہے اور بیماری کی شدت میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے باہمی کوششوں سے اس بیماری کا سد باب کریں، سرویلینس ٹیموں کی مدد سے خسرہ بیماری سے متاثر ہونے سے پہلے ڈی ٹیکشن اور ویکسی نیشن کی جائے تاکہ اس بیماری کی بروقت روک تھام کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے لوگوں میں اس بیماری کے خطرناک اثرات کے بارے میں شعور پیدا کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ ایک صحت مند معاشرے کی تکمیل کا خواب شرمند ہ تعبیر ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :