حافظ آباد، سابق رُکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر مظفر علی شیخ ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی چھوڑ کر مسلم لیگ(ن) میں شامل

جمعہ 8 جون 2018 19:48

حافظ آباد، سابق رُکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر مظفر علی شیخ  ساتھیوں سمیت ..
حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جون2018ء) سابق رُکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر مظفر علی شیخ اپنے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی چھوڑ کر پاکستان مسلم لیگ(ن) میں شامل ہو گئے۔ اس بات کا اعلان اُنہوں نے سابق وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑ اور چیئرمین ضلع کونسل میاں افضل حسین تارڑ کے ہمراہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر مظفر علی شیخ نے کہا کہ اُن کا ماضی گواہ ہے کہ اُنہوں نے ہمیشہ علاقے کی بہتری اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا اور اب مسلم لیگ(ن) کے پلیٹ فارم سے وہ اپنے اسی مشن کو جاری رکھیں گے اور حافظ آباد شہر کی ترقی کے لیے اپنی سابقی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے عملی اقدمات کریں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے موجودہ ضلعی رہنمائوں کے ساتھ ان کا تقریباً سترہ سالہ سیاسی تعلق رہا لیکن اس دوران کوئی بھی شخص یہ ثابت نہیں کر سکتا کہ میں نے اپنے ذاتی مفادات کو عوامی مفادات پر ترجیح دی ہو۔

(جاری ہے)

عوام کی خدمت کرنا اُن کیا ولین ترجیح تھی اور ہمیشہ رہے گی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ وہ ڈاکٹر مظفر علی شیخ جیسے باصلاحیت انسان کو مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کو سراہتے ہوئے یہ اُمید رکھتی ہیں کہ آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ(ن) پورے ضلع میں نہ صرف کلین سویپ کرے گی بلکہ ضلع کی تعمیر و ترقی کے تسلسل کو جاری و ساری رکھے گی۔

اس موقع پر سابق ایم این اے میاں شاہد حسین بھٹی،مسلم لیگ(ن) کے رہنما میاں محمد بخش تارڑ،چیئرمین ایم سی حافظ آباد حاجی جمشید عباس تھہیم، چیئرمین ایم سی پنڈی بھٹیاں بابر شفیق آرائیں۔ اُمیداور پی پی 71 شعیب شفیق آرائیںو دیگر نے بھی شرکت کی۔