سکھر،موٹر وے پولیس کی جانب سے ماہ رمضان میں نیشنل ہائی وے پر مسافروں کیلئے افطاری کا اہتمام

موٹر وے پولیس نے نیشنل ہائی وے ٹول پلازہ روہڑی پر مسافروں میں روزہ افطار کرنے کے لئے کھانے پینے کی اشیاء کے باکس،پانی کی بوتلیں اور مشروبات تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ مسافروں کو روڈ سیفٹی کے بارے میں آگاہی بھی فراہم کی

جمعہ 8 جون 2018 19:48

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جون2018ء) موٹر وے پولیس کی جانب سے ماہ رمضان میں نیشنل ہائی وے پر مسافروں میں افطاری کا اہتمام کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق آئی جی موٹر وے کی خصوصی ہدایات پرایس ایس پی موٹر وے غلام سرور بھیو کی نگرانی میں نیشنل ہائی وے ٹول پلازہ روہڑی پر مسافروں میں افطاری کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی غلام سرور بھیو نے نیشنل ہائی وے پر سفر کرنے والے مسافروں میں روزہ افطار کرنے کے لئے کھانے پینے کی اشیاء کے باکس،پانی کی بوتلیں اور مشروبات تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ مسافروں کو روڈ سیفٹی کے بارے میں آگاہی بھی فراہم کی۔

اس موقع پر ایس ایس پی موٹر وے کا کہنا تھا کہ آئی جی موٹر وے اور ایڈیشنل آئی جی موٹر وے سندھ شاہد حیات کی خصوصی ہدایت پر رمضان المبارک کے مہینے میں موٹر وے پولیس اپنی ڈیوٹی بہتر طریقے سے سرانجام دے رہی ہے ، جبکہ ماہ صیام امت مسلمہ کے لئے رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، اس مہینے میں ہر مسلمان دل کھول کردوسرے مسلمان کی مدد کرتا ہے اور روزہ کھلوانے کا اہتمام بھی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرح موٹر وے پولیس بھی نیشنل ہائی وے ، موٹر وے پر مسافروں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنارہا ہے، وہیں پر سفر کرنے والے ان مسافروں میں روزے کی فضیلت اور روزہ افطار کرنے کے لئے فروٹ و مشروبات اور دیگر چیزیں بھی فراہم کررہا ہے، تاکہ نیشنل ہائی وے، موٹر وے پر سفر کرنے والے روزہ دار باآسانی اپنے روزے افطار کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ افطار کے اس پروگرام کے ساتھ ساتھ میری مسافروں سے گذارش ہے کہ وہ دوران سفر ٹریفک قوانین کی سختی سے پاسداری کریں تاکہ ان کی جان و مال کے ساتھ ساتھ نیشنل ہائی وے پر سفر کرنے والے دیگر مسافروں کی جانیں بھی محفوظ رہ سکیں۔ دوسری جانب مسافروں نے موٹر وے پولیس کے افطار کرانے کے اس اقدام کو سراہاتے ہوئے آئی جی موٹر وے، ایس ایس پی موٹر وے سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ موٹر وے پولیس پاکستان کی وہ واحد پولیس ہے جو انسانی حقوق سمیت دیگر مثبت اقدام کرنے پر گامزن ہے اور روزہ افطار کرانے جیسے نیک کام میں بھی موٹر وے پولیس نے اپنے آپ کو اچھا ادارہ ثابت کیا ہے۔#