Live Updates

پی ٹی آئی رہنما امیر بخش بھٹو کی جانب سے نامزدگی جمع، الیکشن آفس کا افتتاح کردیا

زرداری پارٹی کے پاس بھٹو خاندان کے شہداء کے صدقے اور قسمیں دینے کے سوائے اور کچھ نہیں ہے وہ دن گئے جب جیالے عوام سے بھیڑ اور بکریوں جیسا سلوک کرتے تھے، اب انہیں اس قسم کی حرکت ہرگز نہیں کرنے دیں گے، امیر بخش بھٹو کا کارکنوں سے خطاب

جمعہ 8 جون 2018 19:48

رتوڈیرو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 جون2018ء) پی ٹی آئی رہنما امیر بخش بھٹو کی جانب سے نامزدگی جمع، الیکشن آفس کا افتتاح کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جناب امیر بخش خان بھٹو نے جمعہ کے دن اپنے گاؤں میرپور بھٹو سے سینکڑوں موٹرسائیکلوں، کاروں، ویگنوں اور بسوں کے تاریخی جلوس کی صورت میں رتوڈیرو پہنچ کر صوبائی حلقہ پی ایس 10 رتوڈیرو کے رٹرننگ افسر کے پاس اپنا نامزدگی فارم جمع کرایا۔

اس سے قبل میرپور بھٹو سے رتوڈیرو شہر تک راستے میں چھوٹے بڑے شہروں کے سینکڑوں افراد نے ان کے قافلے کا شاندار استقبال کرتے ہوئے پھولوں کے پتیاں نچھاور کیں، اس کے بعد رٹرننگ افسر کی آفس کے باہر میڈیا کے نمائندوں اور ہزاروں پارٹی کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے امیر بخش بھٹو نے کہا کہ وہ دن گئے جب جیالے عوام سے بھیڑ اور بکریوں جیسا سلوک کرتے ہوئے ان کا مینڈیٹ دھاندلی کے ذریعے چراتے تھے اب انہیں اس قسم کی حرکت ہرگز نہیں کرنے دیں گے۔

(جاری ہے)

امیر بخش خان بھٹو نے مزید کہا کہ زرداری پارٹی کے پاس بھٹو خاندان کے شہداء کے صدقے اور قسمیں دینے کے سوائے اور کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے بھٹو کے خون کے صدقے میں 10 سال سندھ پر قبضہ کیا اور سندھ اور سندھیوں کو تباہ و برباد کر کے صرف اپنے پیٹ بھرے ہیں۔ سندھ کی عوام ان کے کرتوتوں، نااہلی، دھوکہ دہی اور فراڈ سے تنگ آ چکی ہے، اب جب زرداری پارٹی والے پریشان و تنگ حال عوام سے ووٹ مانگنے آئیں گے تو انہیں خود ہی پتہ چل جائے گا۔

امیر بخش خان بھٹو نے مزید کہا کہ عید کے بعد باضابطہ انتخابی مہم کا آغاز کریں گے، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور عوام کی دعاؤں اور حمایت سے کامیاب ہوکر ان کی خدمت کریں گے۔ دوسری جانب امیر بخش خان بھٹو نے رتوڈیرو شہر میں الیکشن آفس کا افتتاح بھی کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات