انضمام شدہ علاقوں میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات جلد کرائے جائیں تاکہ فاٹا کے عوام کو صوبائی اسمبلی میں نمائندگی مل سکے،سکندر حیات ن شیرپاؤ

جمعہ 8 جون 2018 19:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جون2018ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤنے کہا کہ انضمام شدہ علاقوں میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات جلد کرائے جائیں تاکہ فاٹا کے عوام کو صوبائی اسمبلی میں نمائندگی مل سکے، خیبر پختونخوا اور فاٹا کا ایک ہونا پختونوں کا خواب تھا اور اس سے نہ صرف ان کی آواز موثرہوگئی بلکہ ان کی قوت میں بھی اضافہ ہوجائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے یونین کونسل کوز بہرام ڈھیری میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر علاقہ کی سماجی و فلاحی تنظیم ہمدردکے صدر ظاہر شاہ،ظہیراللہ،عزیز گل،شاکر حسین اورفضل ربی نے اپنی پوری کابینہ سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی قائد آفتاب احمد خان شیرپائو کی قیادت اور پالیسیوں پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

سکندر شیرپائو نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں انضمام شدہ علاقوں میں صوبائی اسمبلی کیلئے نوتخلیق شدہ سیٹوں پر انتخابات جلد منعقد کئے جائیں اوراس کے ساتھ ساتھ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کیلئے مقامی حکومت کے فی الفور قیام کویقینی بنایا جائے۔سکندر شیرپائو نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حالیہ اور ایم ایم اے اور این پی کی سابقہ حکومتوں نے جن وعدوں پر اقتدار حاصل کیاتھا اسے عملی جامہ نہیں پہنایا اور یہی وجہ ہے کہ آج پختون تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہے ہیں اور ان کو بد امنی کے علاوہ شدید مہنگائی،بے روزگاری ،توانائی بحران،پسماندگی اور غربت جیسے مسائل کا سامنا ہے اوران میں شدید مایوسی و محرومی پائی جا رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کے پلیٹ فارم سے پختونوں کے حقیقی تشخص کی بحالی اور ان کی مایوسی و محرومی اور مسائل و مشکلات کے خاتمے کیلئے ہر فورم اور ہر محاذ پر جدوجہد کی جائے گی اوران کو اکیسویں صدی کی باوقار قوموں کی صفوں میں لاکھڑا کرنے کیلئے جدوجہد جاری ر کھی جائے گی ۔ انھوں نے کہا کہ ان کی جماعت پختون قوم کے باشعور ،سیاسی ،جمہوری اور وطن دوست قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے اس قوم کی بقا ،امن اور ترقی کیلئے فعال کردار ادا کرے گی ۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی ضلع چارسدہ کے جنرل سیکرٹری عارف پراچہ،تحصیل ناظم تنگی یحیٰی جان مہمند،مفتی افتخار اور پارٹی کے ضلعی و تحصیل ممبران کے علاوہ کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔