قوم ووٹ کا درست استعمال کر کے پاکستان کے زوال کو کمال میں بدل سکتی ہے، چہرے نہیں نظام بدلنے کی ضرورت ہے،ہ محمد اویس نورانی

جمعہ جون 19:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 جون2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ اسلام اور پاکستان سے محبت کرنے والا ہر ووٹر ایم ایم اے کا سپورٹر ہے۔ قوم ووٹ کا درست استعمال کر کے پاکستان کے زوال کو کمال میں بدل سکتی ہے۔ چہرے نہیں نظام بدلنے کی ضرورت ہے۔ انتخابات میں حصہ لینے کے لئے تمام جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کئے جائیں ۔

انتخابات کے شیڈول میں کوئی رخنہ پیدا نہیں ہونا چایئے۔ پنجاب اور سندھ میں جانبدار شخصیات کو وزرائے اعلی بنا دیا گیا ہے۔ یوٹرن خان کا چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ ہر ایک پر الزامات لگانے والا اب خود پر لگنے والے الزامات کے جواب کیوں نہیں دے رہا۔ ریحام خان نے عمران خان کی عزت خاک میں ملا دی ہے۔

(جاری ہے)

ایم ایم اے چاروں صوبوں میں اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔

سیاسی انجیئرنگ میں مصروف غیر سیاسی عناصر سیاست میں مداخلت بند کر کے عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا آذادانہ موقع فراہم کریں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے متحدہ مجلس عمل کے راہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ ایم ایم اے میں ٹکٹوں کے معاملے پر کوئی اختلاف نہیں۔ متحدہ مجلس عمل الیکشن میں پہلے سے بھی زیادہ اچھی کارکردگی دکھائے گی۔ خیبرپختونخواہ اور بلوچستان میں ایم ایم اے کی حکومتیں قائم ہونے کے امکانات روشن ہیں۔ ہماری سیاسی کا مقصد اسلام اور پاکستان کی خدمت ہے۔