وطن عزیز کی تعمیرو ترقی کے لئے تمام افراد کو مثبت کردار ادا کرنا ہو گا،قومی خزانہ لوٹنے والوں کو آنیوالے الیکشن میں عوام مسترد کریں گے،سیف اللہ خالد

جمعہ 8 جون 2018 19:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جون2018ء) ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا ہے کہ وطن عزیز کی تعمیرو ترقی کے لئے تمام افراد کو مثبت کردار ادا کرنا ہو گا۔قومی خزانہ لوٹنے والوں کو آنیوالے الیکشن میں عوام مسترد کریں گے۔قائداعظم کے پاکستان میں نظریہ پاکستان کی بنیاد پر اتحا دقائم کریں گے اور قوم کو متحد کریں گے۔الیکشن کمیشن ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن میں تاخیری حربے استعمال کر کے ہمارا بنیادی حق چھین رہا ہے۔

پاکستان کا آئین ہمیں سیاست کی اجازت دیتا ہے لیکن گیارہ ماہ سے ہمارا راستہ روکا جا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹائون میں افطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیف اللہ خالد نے کہا کہ پاکستان لاالہ الااللہ کے نظریئے پر بنا ،آج بھی اس ملک میں دین اسلام کو اہمیت دی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

جس طرح مدینے کا گھیرائو کیا گیا تھا اسی طرح پاکستان آج خطرات سے دوچار ہے۔

ان خطرات سے نکلنے کے لئے ہمیں سیرت النبی ﷺ سے رہنمائی لینی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ہم خدمت انسانیت کی سیاست کرنا چاہتے ہیں لیکن الیکشن کمیشن نے ابھی تک ملی مسلم لیگ کو رجسٹرڈ نہیں کیا۔ہمیں ہمارا بنیادی حق دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں یہ بات طے ہے کہ اس ملک کے منتخب نمائندے، حکمران اور سیاستدان صادق اور امین ہونے چاہئیں مگرایسا نہیں ہے۔

ماضی میں حکمرانوں نے قومی خزانے کو لوٹا آنے والے الیکشن میں قوم خزانہ لوٹنے والوں کا احتساب کرے گی۔ہم اقتدار کا حصول نہیں معاشرے کی اصلاح اور کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کئے گئے پاکستان کو ایک آزاد اور خودمختار ملک کے طور پر ترقی کے راستے پر گامزن دیکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کی طرف سے امت مسلمہ کیلئے تحفہ ہے ،ہم زیادہ سے زیادہ نیکیاں کر کے اپنی دنیا اور آخرت کو سنوار سکتے ہیں ۔ ہمیں رمضان المبارک کی برکتوں اور سعادتوں سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔