سابق وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے

جمعہ جون 19:58

سیہون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 جون2018ء) سابق وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے دادو کے حلقے سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے،اس موقع پر کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔تفصیلات کے مطابق مراد علی شاہ صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس اسی دادو سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لئے پہنچے،اس موقع پر آر او آفس پر کارکنان نے ان کے حق میں نعرے بازی کی، بعد ازاں سابق وزیراعلی نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، اس موقع پر سابق ایم پی اے سید آصف علی شاہ بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ مذکورہ حلقے سے مراد علی شاہ سال دوہزار تیرہ کے عام انتخابات میں بلامقابلہ منتخب ہوئے تھے۔سابق وزیراعلی سندھ انیس سو باسٹھ میں کراچی میں پیدا ہوئے، انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز انیس سو چھیاسی میں واپڈا سے بطور جونیئر انجینئر کیا اور پہلی بار دوہزار دو کے عام انتخابات میں جامشورو کے حلقہ پی ایس تہتر سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے اور یوں ان کا سیاسی کیریئر شروع ہوا۔

(جاری ہے)

وہ دوہزار سات اور پھر دوہزار چودہ کے ضمنی انتخابات میں بھی اسی نشست سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے،دوہزار تیرہ کے عام انتخابات میں دہری شہریت رکھنے کی وجہ سے انہیں نااہل قرار دے دیا گیا تھا بعد ازاں انہوں نے اپنی کینیڈا کی شہریت ترک کی اور دوہزار چودہ میں ضمنی انتخاب لڑ کر منتخب ہوگئے۔مراد علی شاہ سندھ کے وزیراعلی سید قائم علی شاہ کے مشیر بھی رہ چکے ہیں،اس کے علاوہ وہ سندھ کے وزیر خزانہ بھی رہے۔