اے این پی کے بینرز ہٹانا ٹاؤن ناظم کو مہنگا پڑ سکتا ہے ،ہارون بشیر بلور

. اے این پی ہر اس جگہ بینرز لگائے گی جہاں دیگر جماعتوں کے جھنڈے ہونگے

جمعہ 8 جون 2018 20:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان ہارون بشیر بلور نے ٹاون ناطم پشاور کی جانب سے سرکاری املاک سے جھنڈے اور بینرز ہٹانے کے اعلان کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناظم شہری انتظامیہ کی کارکردگی پر توجہ دیں اور پارٹی وابستگی سے بالاتر ہو کر عوامی مسائل پر توجہ مرکوز رکھیں ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اے این پی ہر اس جگہ اپنے بینرز اور جھنڈے آویزاں کرے گی جہاں دوسری جماعتوں کے ہونگے لہٰذاٹاؤن ناظم ہوش کے ناخن لیں اور اس قسم کے اشتعال انگیز بیانات سے گریز کریں جس سے حالات خراب ہونے کا اندیشہ ہو ، ہارون بشیر بلور نے کہا کہ جھنڈوں اور بینرز سے متعلق کوڈ آف کنڈکٹ الیکشن کمیشن کا ہے اور اس کا نوٹس لینے کا اختیار بھی الیکشن کمیشن کے پاس ہے جسے ناظم اپنے ہاتھ میں لینے کی کوشش کر رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ زاہد ندیم دوسرے اداروں کے معاملات میں دخل اندازی کرنے اور اپنے عہدے کا پاس کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں پر توجہ دیں ، اور اگر اے این پی کے بینرز کو چھیڑنے کی کوشش کی گئی تو حالات کی خرابی کی ذمہ داری خود ان پر ہوگی۔