حیدرآباد، اسرائیلی مظالم و جارحیت اور مسلمانوں کے قبلہ اول پر اسرائیل کے ناجائز قبضہ کے خلاف مختلف تنظیموں کی جانب سے یوم القدس منایاگیا ، احتجاجی ریلیاں

جمعہ 8 جون 2018 20:16

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جون2018ء) اسرائیلی مظالم و جارحیت اور مسلمانوں کے قبلہ اول پر اسرائیل کے ناجائز قبضہ کے خلاف مختلف تنظیموں کی جانب سے یوم القدس منایاگیا ، اس حوالے سے مختلف علاقوں سے احتجاجی ریلیاں نکالی گئیںجن میں مختلف قرادادیں پیش کر تے ہو ئے مطالبہ کیا گیا کہ مسلم ممالک کے سربراہان اور او آئی سی اپنا موثر کردار ادا کرکے القدس پر اسرائیل کا غاصبانہ قبضہ کرایا جائے اور وہاں کے مسلمانوں کو اس مقدس جگہ پر عبادت کر نے کی اجازت دی جائے۔

اس حوالے سے ا صغریہ اسٹوڈنٹس آگنائزیشن،اصغریہ آرگنائیزیشن پاکستان اور اصغریہ آرگنائیزیشن خواتین ونگ کی جانب سے اولڈ کیمپس سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت حبدار علی حیدری،خواتین ونگ کی مرکزی صدر خواہر سیدہ افشان شفقت نقوی ،مولانا امداد علی نسیمی اور ڈاکٹر شاہنواز حسینی سمیت دیگر کر رہے تھے ،رہنمائوں نے اپنے خطاب میں کہاکہ یوم القدوس صرف مسلمانوں کے قبلہ اول اور فلسطین کی آزادی تک محدود نہیں بلکہ یہ تمام مظلوموں سے اظہار یکجہتی اور اور اُن پر ہونے والے مظالم کے خلاف صدائے حق احتجاج بلند کرنے کا دن بھی ہے ۔

(جاری ہے)

اسی طرح تحریک آزادی القدوس ،امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کی جانب سے قدم گاہ مولا علی ؑسے ریلی نکالی گئی جو کہ کوہ نور چوک، حیدر چوک اور اولڈ کیمپس سے ہوتی ہوئی گل سینٹر چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی ریلی میں معصوم بچے،خواتین ،علماء کرام اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک تھی ،ریلی کی قیادت کرتے ہوئے سید پسند علی رضوی،قمر عباس غدیری ،مولانا حیدر عباس زیدی،جمیل زیدی اور دیگر نے کہا کہ عالم اسلام کا قبلہ اول گذشتہ 70سالوں سے ایک ہی منظر پیش کر رہا ہے اور فلسطین کی سر زمین پر غاصب ریاست اسرائیل انسانیت کے قتل و غارت اور انسانی حقوق کی سنگین پامالی کر رہاہے مگر اقوام متحدہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔

جعفریہ الائینس پاکستان حیدرآباد کی جانب سے بھی یوم القدوس منایا گیا اس موقع پر سید شیر علی شاہ کاظمی ،سید شمیم نقوی،ساجد علی انصاری ،سید ظفر عباس نقوی اور ہدایت اللہ سمیت دیگر نے کہاکہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے قیام پاکستان کے وقت جس صہیونی ریاست کو غیر قانونی اور غاصب قرار دیا تھا وہ آج بھی اسرائیل کی صورت میں بیت المقدس پر اپنے خونی پنجے گاڑے ہوئے ہے ،بیت المقدس کی آزادی تک جدو جہد جاری رہے گی اور قبلہ اول کی آزادی کا مسئلہ کسی مسلک یا گروہ کا نہیں بلکہ یہ امت مسلمہ کا مسئلہ ہے ،انہوں نے گذشتہ کئی روز سے فلسطینی مظلوم عوام پر اسرائیل کی طرف سے شدید بمبار ی میں سینکڑوں افراد کے شہید اور زخمی ہو نے کی مذمت کر تے ہوئے کہاکہ مسئلہ فلسطین و القدوس بین الاقوامی سطح پر جس طرح نئے انداز میں سامنے آیا ہے اور لبنان و فلسطین جلد ایک آزاد و خود مختیار ملک کے نقشے پر ابھرے گا ،انہوں نے کہاکہ بیت المقدس کی آزادی تک جدو جہد جاری رہے گی ۔