حیدر آباد،ضلع مٹیاری کے ایک قومی اور دو صوبائی حلقوں پر عام انتخابات کو صاف شفاف، پرامن اور سازگار ماحول میں منعقد کرانے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس

سیکیورٹی پلان، الیکشن کے سامان اور عملے کی نقل و حمل کیلئے ٹرانسپورٹ، پولنگ اسٹیشنز میں پانی، بیت الخلا، روشنی کے مناسب انتظامات، کمپائونڈ وال و دیگر امور کا جائزہ متعلقہ عملداروں کو آئندہ پیر تک حتمی سیکیورٹی اور ٹرانسپورٹیشن پلان جمع کرانے کی ہدایت

جمعہ 8 جون 2018 20:16

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جون2018ء) ضلع مٹیاری کے ایک قومی اور دو صوبائی حلقوں پر 25 جولائی 2018 کو ہونے والے عام انتخابات کو صاف شفاف، پرامن اور سازگار ماحول میں منعقد کرانے کیلئے ڈپٹی کمشنر مٹیاری قمر رضا بلوچ کی صدارت میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں الیکشن کیلئے سیکیورٹی پلان، الیکشن کے سامان اور عملے کی نقل و حمل کیلئے ٹرانسپورٹ، پولنگ اسٹیشنز میں پانی، بیت الخلا، روشنی کے مناسب انتظامات، کمپائونڈ وال و دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، متعلقہ عملداروں کو آئندہ پیر تک حتمی سیکیورٹی اور ٹرانسپورٹیشن پلان جمع کرانے کی ہدایت، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی کیلئے رینجرز کی تعیناتی کی بھی درخواست دی گئی ہے۔

جمع کے روز ڈی سی آفیس مٹیاری میں منعقدہ اجلاس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سعید احمد سومرو، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن محمد صابر کاکا، اسسٹنٹ کمشنر مٹیاری امام بخش کاکا، اسسٹنٹ کمشنر ہالا شبیر جان جسکانی، اسسٹنٹ کمشنر سعیدآباد سہیل احمد آرائیں، ڈی ایس پی رسول بخش سیال، ڈی ایس پی اختر پرویز، ڈی ایس پی سید سکندر شاہ، مختیارکار سعیدآباد محمد آصف سومرو، مختیار کار ہالا خالد لنڈ، مختیار کار مٹیاری محمد عثمان سومرو، اسٹاف آفیسر کامران خاصخیلی، ٹرانسپورٹ مالکان سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع کی 361 پولنگ اسٹیشنز میں سے 88 انتہائی حساس، 62 حساس جبکہ 211 نارمل پولنگ اسٹیشنز قرار دی گئی ہیں، ابتدائی سیکیورٹی پلان کے مطابق انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر پانج پولیس اہلکاروں کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے جائیں گے، حساس پولنگ اسٹیشنز پر تین تین پولیس اہلکار جبکہ نارمل پولیس اسٹیشنز پر دو پولیس اہلکار مقرر کئے جائیں گے، علاوہ ازیں پولنگ اسٹیشنز کے روٹس پر بھی پولیس نفری مقرر کی جائیگی۔

پولیس کے ساتھ رینجرز کے جوان بھی سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گیں اور اس ضمن میں رینجرز حکام کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے درخواست بھی کی گئی ہے۔ حلقہ این اے 223 کیلئے اسسٹنٹ کمشنر ہالا شبیر جان جسکانی کو اسسٹنٹ رٹرننگ آفیسر، پی ایس 59 مٹیاری کیلئے اسسٹنٹ کمشنر مٹیاری امام بخش کاکا کو اسسٹنٹ رٹرننگ آفیسر جبکہ اسسٹنٹ کمشنر نیوسعیدآباد سہیل احمد آرائیں کو پی ایس 58 کیلئے اسسٹنٹ رٹرننگ آفیسر تعینات کیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سعید احمد سومرو نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ الیکشن کے نان سینسیٹو مٹیریل، سینسیٹو مٹیریل اور عملے کی پولنگ اسٹیشنز تک رسائی کیلئے سکیورٹی کے انتہائی موثر انتظامات کئے جائیں گے جبکہ سینسیٹو مٹیریل الیکشن کے روز صبح آٹھ بجے الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کی جانب سے مقرر کردہ ایجنٹوں کے سامنے کھولا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پورے ملک میں صاف شفاف، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے بھرپور تیاری کی ہے اور اس ضمن میں ضلعی انتطامیہ کے ساتھ انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر قمر رضا بلوچ نے ایجوکیشن ورکس کے افسران کو انتخابات کیلئے قائم کردہ پولنگ اسٹیشنز / اسکولوں کی مرمت، پانی، بیت الخلا ، روشنی اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے اسسٹنٹ رٹرننگ افسران کو اس عمل کی نگرانی کے بھی احکامات دیئے ہیں۔