ایس ایم آئی یو کے دو نئے کیمپسز ملیر اور ہاکس بے آئندہ تین برسوں میں شروع ہوجائیں گے،ڈاکٹرمحمد علی شیخ

جمعہ 8 جون 2018 20:31

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2018ء) سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ نے کہا ہے کہ ایس ایم آئی یو کے سٹی کیمپس کے علاوہ دو اور نئے کیمپسز ملیر اور ہاکس بے کیمپسز آئندہ تین برسوں میں شروع ہوجائیں گے۔ جبکہ موجودہ سٹی کیمپس میں دو نئے اکیڈمک کیمپس اورایس ایم آئی یو ماڈل اسکول کی جدید عمارت بھی تعمیر کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز افطار پارٹی کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعمیر ہونے والی تمام عمارتیںموجودہ نقشوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اسی طرز پر تعمیر کی جائیں گی۔ملیر کیمپس ، ایجوکیشن سٹی نو سال کا پروجیکٹ ہے جو کہ تین مراحل میں مکمل ہوگا۔ جس میں 25000 طالبعلم تعلیم سے استفادہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

اس کیمپس میں طالبعلموں کیلئے ہاسٹل، فیکلٹی اور اسٹاف میمبرز کیلئے رہائش گاہ اور اسپورٹس کامپلیکس بھی تعمیر کیا جائے گا۔

آنے والے تین سالوں میں ملیر کیمپس کے دو کیمپسز بھی تعمیر کیئے جائیں گے۔جس کیلئے وفاقی حکومت نے ہمیں ایک عشاریہ ستاون بلین روپے کی گرانٹ دی ہے۔ ڈاکٹر محمد علی شیخ نے کہا کہ ہاکس بے میں انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن تعمیر کیا جائے گا جس میں پانچ ہزار طالبعلم تعلیم حاصل کریں گے۔ یہ زمین دس ایکڑ پر محیط ہے جو کہ سندھ حکومت نے ایس ایم آئی کو دی ہے۔

یہ انسٹی ٹیوٹ پاکستان میں سلی کون ویلی کی طرز پر کام کرے گا۔وائس چانسلر ایس ایم آئی یو نے مزید کہاکہ سٹی کیمپس میں دو نئے اکیڈمک بلاکس کی تعمیر ایک ماہ کے اندر شروع کردی جائے گی۔اس زمین کو قبضہ مافیا سے واگزار کرایا گیا ہے۔ اس وقت سٹی کیمپس میں 2526 طالبعلم حاصل کررہے ہیں۔ نئے بلاکس کی تعمیر کے بعد کیمپس میں تعلیم حاصل کرنے والے طالبعلموں کی تعداد پانچ ہزار تک پہنچ جائے گی۔

تمام کیمپس کی تعمیر کے بعد ہمارے پاس طالبعلموں کی تعداد 35000 ہوجائے گی۔ایس ایم آئی یو ماڈل اسکول کی اپ گریڈیشن پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سال سے اسکول کو ہائیر سیکینڈری لیول تک اضافہ کیا جائے گا۔اس سے قبل ڈائریکٹر ایڈمیشن اور کنٹرولر آف ایگزامینیشن فرقان افتخار نے بتایا کہ ایس ایم آئی یو اس وقت پانچ شعبوں میں گریجوئیٹ اور انڈر گریجوئیٹ کے داخلے دے رہا ہے۔

جبکہ کمپیوٹر سائنس میں پی ایچ ڈی میں بھی داخلہ دیا جارہا ہے۔ گذشتہ چھ برسوں کی کارکردگی پیش کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جامعہ کا درجہ ملنے کے پہلے برس 2012, 2013, 2014, 2015, 2016 اور 2017 میں بالترتیب 113, 152, 205, 590, 650 اور 816 طالبعلموں نے داخلے کیلئے رجوع کیا۔ معیاری تعلیم کے ساتھ ایس ایم آئی یو ضرورت مند طالبعلموں کوجدید سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ میرٹ پر اسکالرشپس بھی دی جاتی ہیں ۔ ایس ایم آئی یو ماڈل اسکول کی پرنسپل نبیلا کنول نے بھی اس موقع پر اپنی پریزینٹیشن پیش کی اور اسکول کی کارکردگی پیش کی۔ تقریب میں میڈیا سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔