سپریم کورٹ ، ضلع خاران میں نجی موبائل کمپنی کاٹاورگرنے کے باعث مزدوروں کی ہلاکت کے حوالے سے ازخود نوٹس کیس کی سماعت عیدکے بعد تک ملتوی

متاثرہ خاندانوں کومعاوضوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے، ڈسٹرک اینڈ سیشن جج کو ہدایت

جمعہ 8 جون 2018 20:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2018ء) سپریم کورٹ نے بلوچستان کے ضلع خاران میں نجی موبائل کمپنی کاٹاور نصب کرتے وقت پول گرنے کے باعث مزدوروں کی ہلاکت اورزخمی ہونے کے حوالے سے ازخود نوٹس کیس کی سماعت عیدکے بعد تک ملتوی کردی ہے اور ڈسٹرک اینڈ سیشن جج کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ خاندانوں کومعاوضوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔

جمعہ کوچیف جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے بلوچستان کے ضلع خاران میں 6 مزدوروں کی ہلاکت کے حوالے سے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے نجی موبائل کمپنی کے وکیل سے استفار کیاکہ کیا کمپنی کی جانب سے ہلاک ہونے والے مزدوروں کے لواحقین کو ادائیگیاں کردی گئی ہیں،جس پر فاضل وکیل نے بتایا کہ ہماری کمپنی نے تمام لواحقین کو ادائیگی کرنے کیلئے رقم ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے حوالے کردی ہے۔

(جاری ہے)

عدالت کے استفسارپر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے عدالت میں پیش ہوکر بتایا کہ کمپنی کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کودینے کیلئے 65 لاکھ روپے کی رقم جمع کرادی گئی ہے ، جس کے بعد زیادہ تر متاثرہ خاندانوں کو ادائیگیاں کردی گئی ہیں۔ انہوں نے مزیدبتایا کہ جولوگ ہلا ک ہوئے ہیں ان میں ایک مزدور غیر شادی شدہ تھا اس کے والدین بھی حیات نہیں۔ چیف جسٹس نے پوچھا کہ کیا مرنے والے مزدور کے کے کسی وارث کی جانب سے آپ سے رابطہ کیا گیا ہے تو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے کہا کہ مرنے والے کے دو بھائیوں اور ایک بہن نے ہم سے رابطہ کیا ہے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ شریعت کے مطابق ان میں رقم تقسیم کریں۔

ڈسٹرکٹ جج نے کہا کہ ایک مزدور کی بیوہ کا شناختی کارڈ نہیں جس کے باعث انکو ادائیگی نہیں کی جاسکی ہے ۔ جس پر عدالت نے نادرا حکام کو جلد سے جلد مرنے والے مزدورکی بیوہ کاشناختی کارڈ بنانے کی ہدایت کردی۔، سماعت کے موقع پر ایک مزدور کی بیوہ نے عدالت کوآگاہ کیا کہ مقامی ٹھیکیدار ان کو تنگ کرتا ہے میں ہلاک ہونے والے مزدور وقاص علی کی بیوہ ہوں۔چیف جسٹس نے کہا کہ ٹھیکیدار آپ کو کیسے تنگ کر سکتا ہی ،معاوضے کی ادائیگی حکومت کررہی ہے پھر ٹھیکیدار کا کیا تعلق بنتا ہے بعد ازاں عدالت نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی معاملے پرنظررکھنے اورمتاثرہ خاندانوں کورقومات کی ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہو ئے مزید سماعت ملتوی کردی۔