سپریم کورٹ ، چیف سیکرٹری بلوچسستان کو کوئٹہ میں چرچ دھماکے کے متاثرین کو رقوم کی ادائیگی میں تاخیر کے معاملے کی انکوائری کرنے کی ہدایت

جمعہ 8 جون 2018 20:32

سپریم کورٹ ، چیف سیکرٹری بلوچسستان کو کوئٹہ میں چرچ دھماکے کے متاثرین ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2018ء) سپریم کورٹ نے چیف سیکرٹری بلوچسستان کو کوئٹہ میں چرچ دھماکے کے متاثرین کو رقوم کی ادائیگی میں تاخیر کے معاملے کی انکوائری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی ہے اورکہاکہ معاوضہ کی ادائیگی میں تاخیر کے ذمہ داروں کا تعین کرکے عدالت میں ایک ماہ کے اندر رپورٹ جمع کرائی جائے۔

جمعہ کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میںتین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ ا س موقع پربلوچستان حکومت کے وکیل نے پیش ہوکر عدالت کو بتایا کہ ہم نے عدالتی حکم کے مطابق ساری رقم ایڈیشنل سیشن جج کے پاس جمع کرادی ہے، جس پر چیف جسٹس نے کہاکہ عدالت اس معاملے میں ہدایت کرچکی ہے کہ اصل رقم کے ساتھ تاخیر ی جرمانہ بھی جمع کرایا جائے ، چیف جسٹس نے کہا کہ کئی ماہ سے آپ نے کوئی میٹنگ ہی نہیں کی۔

(جاری ہے)

تو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے کہا کہ اس معاملے پر چار میٹنگ کی جاچکی ہیں، او ریہ معاملہ ہماری نظر میں ہے چیف جسٹس نے کہا کہ وہ میٹنگ سپریم کورٹ کے نوٹس لینے کے بعد ہوئی ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ ایک زخمی اہلکار ہلاک ہوچکا ہے۔ سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وزارت خزانہ سے جو رقم مانگی گئی وہ ادا کردی گئی ہے ، اگر مزید رقم بھی مانگی گئی تو وہ بھی دوتین روز میں ادا کردیں گے۔

ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان نے کہا کہ 55 زخمیوں کے علاوہ مرنے والوں کے نولواحقین کو بھی رقم ادا کردی گئی ہے،جو زخمی بعد میں مرچکا ہے اسکے لواحقین کو بھی معاوضہ ادا کردیا جائے گا بعدازاں عدالت نے رقوم کی ادائیگی میں تاخیر کے معاملے پر چیف سیکرٹری کوانکوائری کرکے ذمہ داران کا تعین کرنے کی ہدایت اورکہاکہ ا یک ماہ میں انکوائری مکمل کرکے رپورٹ عدالت کوپیش کی جائے ،بعدازاں مزید سماعت ملتوی کردی گئی ۔