کراچی ، دانش ترابی نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا

دانش ترابی برصغیر کے ممتاز عالم دین اور خطیب علامہ رشید ترابی مرحوم کے پوتے اور ملک کے معروف شاعر نصیر ترابی کے صاحبزادے ہیں

جمعہ 8 جون 2018 20:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جون2018ء) برصغیر کے ممتاز عالم دین اور خطیب علامہ رشید ترابی مرحوم کے پوتے اور ملک کے معروف شاعر نصیر ترابی کے صاحبزادے دانش ترابی نے میڈیا سیل بلاول ہاؤس میں پیپلز پارٹی کراچی ڈویڑن کے صدر سعید غنی اور پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی سے ملاقات کی اور پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

دانش ترابی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قائدانہ صلاحیتوں اور ویڑن سے وہ بہت متاثر ہیں اور اس لئے بلاول بھٹو زرداری کے فکر فلسفہ سوچ اور پروگرام کو آگے بڑھانے کیلئے وہ پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے ہیں اور بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی قیادت پر اپنے مکمل اعتماد کااظہار کرتے ہیں اور پیپلز پارٹی واحد پارٹی ہے جو ملک میں بسنے والے تمام طبقوں کی نمائندہ جماعت ہے۔

اس موقع پر سعید غنی اور وقار مہدی نے دانش ترابی کو پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے پر خوش آمدید کیا اور مبارکباد پیش کی اور اس امید کااظہار کیا کہ دانش ترابی کی شمولیت سے پارٹی کو تقویت حاصل ہوگی اور دانش ترابی پارٹی کے پروگرام کو آگے بڑھانے میں معاون اور مدد گار ثابت ہونگے۔