کراچی، متحدہ مجلس عمل سندھ کے پارلیامانی بورڈ کا اجلاس زیر صدارت صوبائی صدر علامہ راشد محمود سومرو کے منعقد ہوا

جس میں باہمی مشاورت سے سیٹوں کی تقسیم کی گئی،دو دن سے جاری اجلاس میںکراچی سمیت سندھ میں 5فیصد خواتین کو امیدوار کھڑا کرنے کا فیصلہ، سیٹس جماعتوں کو الاٹ کی گئیں،ناموں کو فائنل ہر پارٹی خود کرے گی

جمعہ 8 جون 2018 20:53

․کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جون2018ء) متحدہ مجلس عمل سندھ کے پارلیامانی بورڈ کا اجلاس صوبائی صدر علامہ راشد محمود سومرو کی زیر صدارت جے یو آئی کے رہنمائ بابر قمر عالم کے گھر گلشن اقبال میں منعقد ہوا ، جس میں باہمی مشاورت سے سیٹوں کی تقسیم کی گئی، صوبائی سینئر نائب صد ڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی،جنرل سیکرٹری علامہ ناظرعباس تقوی،اسلم غوری،مستقیم نورانی،حلیم غوری،ممتازحسین سہتو،مجاہدچنا،قاری عثمان اورکراچی کے صدرحافظ نعیم الرحمان ودیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

صوبائی ترجمان مجاہد چنا کے مطابق دو دن سے جاری اجلاس میںکراچی سمیت سندھ میں 5فیصد خواتین کو امیدوار کھڑا کرنے کا فیصلہ، سیٹس جماعتوں کو الاٹ کی گئیں،ناموں کو فائنل ہر پارٹی خود کرے گی، صوبائی پارلیامانی بورڈ نے فائنل لسٹ بناکر مرکز کو بھیج دی جائے گی، جبکہ ایم ایم اے سندھ کے صدر راشد محمود سومرو این اے 200لاڑکانہ،پی ایس 7شکارپور، صوبائی سینئر نائب صدر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی کراچی سے این اے 256,ایم ایم اے کراچی کے صدر حافظ نعیم الرحمن پی ایس 129، جنرل سیکریٹری مستقیم نورانی این اے 255،مرکزی پارلیامانی بورڈ کے رکن اسداللہ بھٹو این اے 242،راشد نسیم این اے 254سے متحدہ مجلس عمل کے نامزد امیدوار ہوںگے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر علامہ راشد محمود سومرو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجلس عمل کراچی تا کشمور سندھ کے تمام قومی وصوبائی اسمبلی کی نشستوں پر امیدوار کھڑے کرکے کرپٹ، سیکولر ولبرلز کا مقابلہ اور عوام کو متبادل اور صادق وامین نمائندے فراہم کرے گی۔ متحدہ مجلس عمل روشن مستقبل کی نوید اور دیانتدار وباکردار قیادت ہی کراچی کی روشنیوں کو دوبارہ بحال کرکے سندھ کو ترقی وخوشحالی کی طرف گامزن کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 70سال سے برسراقتدار کرپٹ وسیکولر قیادت نے عوام کو بھوک وافلاس ،بے روزگاری،مہنگائی، بجلی کی لوڈشیڈنگ کے تحفوں کے سوا کچھ نہیں دیا ہے، اسلام کلمہ طیبہ کے نام سے معرض وجود میں آنے والے ملک میں ایک دن بھی اسلام نافذ نہیں کیا جاسکا۔ متحدہ مجلس عمل ملک میں حقیقی تبدیلی اور پاکستان کو حقیقی معنیٰ میں ایک اسلامی جمہوری اور فلاحی ریاست بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی نگراں کابینہ کو صاف وشفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے اپنی غیرجانبداری اقدامات کے ذریعے ثابت کرنا ہوگی۔#