عمران خان کا نگران وزیراعظم سے ملک میں بجلی کی قلت کے معاملے پر قوم کو اعتماد میں لینے کا مطالبہ

توانائی کے شعبے کی بدحالی کے ذمہ داروں کو سامنے لانا نگران حکومت کا فرض ہے، چیئرمین تحریک انصاف کی ٹویٹ

جمعہ جون 21:06

عمران خان کا نگران وزیراعظم سے ملک میں بجلی کی قلت کے معاملے پر قوم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 جون2018ء) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے نگران وزیراعظم ناصر الملک سے ملک میں بجلی کی قلت کے معاملے پر قوم کو اعتماد میں لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔اپنے ایک ٹوئٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی نے لکھا کہ شدید گرمی کی لہرکیساتھ ملک کو بجلی اور پانی کے بڑھتے ہوئے بحرانوں کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’میں نے خط کے ذریعے نگران وزیر اعظم سے بجلی کی قلت اور 500 ارب کے گردشی قرضوں کی حقیقی صورتحال سامنے لانے اور قوم کو اعتماد میں لینے کا مطالبہ کیا ہے‘۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام جاننا چاہتے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے دعوؤں میں کچھ صداقت تھی یا وہ جھوٹ پر مبنی تھے۔۔عمران خان نے ٹوئٹ میں لکھا کہ اسی طرح قوم یہ بھی جاننا چاہتی ہے کہ شہباز شریف کے اس بیان میں کہ بجلی کی عدم دستیابی کی ذمہ دار نگران حکومت ہوگی میں کس حد تک صداقت ہی ۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے کی بدحالی کے ذمہ داروں کو سامنے لانا نگران حکومت کا فرض ہے۔انہوں نے کہا کہ( ن) لیگ کی گڈ گورننس کے دعوؤں سے متعلق بھی قوم کو آگاہ کیا جائے۔