ڈاکٹر محمد امجد نے آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کیلئے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 52 اور 53 میں کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے

جمعہ جون 21:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 جون2018ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کے لئے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 52 اور این اے 53 میں کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے ہیں۔ ڈاکٹر محمد امجد اسلام آباد کے دو حلقوں سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے موقع پر حاجی راجہ مطلوب ، شیخ ساجد ، شہزاد ستی ، ناصر خان ، راجہ جمشید اور دیگر رہنما ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر محمد امجد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میں اسلام آباد کے دو حلقوں سے الیکشن میں حصہ لے رہا ہوں ، سید پرویز مشرف چار حلقوں سے الیکشن لڑیں گے۔ سید پرویز مشرف چترال ، لیہ ، گوادر اور کراچی سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔ ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے۔ سید پرویز مشرف عدالتی احکامات کی پابندی کریں گے۔ نادرا نے ان کا شناختی کارڈ بلاک کر دیا ہے جس سے ان کے لئے سفر کرنا ناممکن ہو گیا ہے۔ ان کے شناختی کارڈ کی بحالی کے لئے کوشش کریں گے۔ اگر شناختی کارڈ بروقت بحال نہ ہوا تو سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔ جب پرویز مشرف واپس آنا چاہتے ہیں تو ان کا شناختی کارڈ بلاک کردینا سمجھ سے بالا ہے۔