الیکشن کمیشن حلف نامہ جمع کرانے کیلئے ایک دو روز کی مہلت دے ، شیخ رشیداحمد

. لوڈشیڈنگ نے سابق حکومت کی کارکردگی کاپول کھول دیا،پانی، بجلی اورخزانے کی طرف توجہ دی جائے،جلسے سے خطاب

جمعہ 8 جون 2018 21:19

الیکشن کمیشن حلف نامہ جمع کرانے کیلئے ایک دو روز کی مہلت دے ، شیخ رشیداحمد
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2018ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیداحمد نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن حلف نامہ جمع کرانے کیلئے ایک دو روز کی مہلت دے اور شدید گرمی کے باعث پولنگ کاوقت رات 12بجے تک کیاجائے۔ ملک میںمہنگائی ہیبت ناک ہے۔لوڈشیڈنگ نے سابق حکومت کی کارکردگی کاپول کھول دیا،گھروں میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے لوگ رات پاگلوں کی طرح سڑکوں پر گذارتے ہیں۔

پانی، بجلی اورخزانے کی طرف توجہ دی جائے۔شیخ رشیدایکسپریس وے بنا کر راولپنڈی میں سب سے بڑاٹریفک کا مسئلہ حل کر دیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے صادق آباد چوک میں افطار جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشیداحمد نے کہاہے کہ حلف نامہ اتنا مشکل ہے کہ بعض لوگوں کی چیخیں نکل جائیں، الیکشن کمیشن سے میرا مطالبہ ہے کہ حلف نامہ بھرنے کیلئے ایک دو دن کااضافہ کیاجائے اور پولنگ کاوقت رات 12بجے تک کیاجائے کیونکہ اتنی شدید گرمی میں لوگ ووٹ ڈالنے نہیں آئیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سابق حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث پاکستان میں مہنگائی کاجن بے قابو ہوچکاہے اورملک بھر میں مہنگائی ہیبت ناک ہوچکی ہے۔ شیخ رشید نے کہاکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ نے سابق حکومت کی کارکردگی کاپول کھول دیاہے سحری، افطاری اور جمعہ کے وقت بھی بجلی بندہوتی ہے،گھروں میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے لوگ رات پاگلوں کی طرح سڑکوں پر گذارتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ نگران حکومت پانی، بجلی اورخزانے کی طرف توجہ دے ورنہ بحران اس قدر شدید ہوجائیں گے کہ آنے والی حکومت کیلئے قابو پانا مشکل ہوگا۔انہوں نے کہاکہ اس وقت راولپنڈی کاسب سے بڑا مسئلہ ٹریفک کاہے ، انشاء اللہ اقتدار میں آ کر شیخ رشیدایکسپریس وے بنائیں گے اور یہ مسئلہ حل کر دیں گے۔