این اے 268اور 271سے الیکشن لڑونگا، عبدالقادر بلوچ

نوشکی اور چاغی کام کرنے کے بہت سے مواقع ہیں ،پاکستان کے معدنی دولت سے مالا مال علاقہ یہی ہے ،سی پیک بھی اسی علاقے سے گزرتا ہے ،سابق وفاقی وزیر

جمعہ 8 جون 2018 21:23

نوشکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے صوبائی صدر سابق وفاقی وزیر جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ نے کہاہے کہ این اے 268اور این اے 271سے الیکشن لڑونگا،نوشکی اور چاغی کام کرنے کے بہت سے مواقع ہیں ،پاکستان کے معدنی دولت سے مالا مال علاقہ یہی ہے ،سی پیک بھی اسی علاقے سے گزرتا ہے ،مغرب ویورپ کے جانب گزرنے والی شاہراہ وگزرگاہ بھی یہی علاقہ ہے ،دنیا کے تمام تر توجہ کا مرکز یہی خطہ بن چکاہے ،ایٹمی دھماکوں کی سرزمین بھی رہی ہے ،ریکوڈک کو عملی شکل دیکر علاقے کوترقی کے شاہراہ پر گامزن کرکے لوگوں کے معیار زندگی کو بلند کیا جاسکتاہے ،اگر کامیاب ہوا جس طرح اپنے حلقہ خاران ،واشک اور پنجگور میں ستر ارب سے زائد کے کام وپراجیکٹ کو تکمیل تک پہنچایا اور اسی طرح اس حلقے میں بھی ان سے زیادہ کام کرنا اولین ترجیح ہوگی،ان خیالات کااظہار انہوں نے این اے 268سے کاغذات نامزدگی جمع کرنے کے بعد میڈیا نمائندوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی،اس موقع پر قبائلی وسیاسی عمائدین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ،عبدالقادر بلوچ نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ ہم سیاسی لوگ ہیں اور سیاسی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں اور سیاسی جماعتیں کبھی بھی اپنے دروازے سیاسی اتحاد کے لئے بند نہیں کرتے ،سیاسی جماعتوں کو ایکدوسرے کی حمایت کا ہمیشہ ضرورت پڑتی ہے ہر آدمی کی حمایت حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کرینگے ،دو دفعہ قومی اسمبلی کا رکن رہ چکاہوں ،نوشکی اور چاغی کے عوام کے لئے میری درخواست ہے کہ وہ میری کارکردگی کو دیکھنے کے لئے واشک ،خاران اور پنجگور حلقہ کا دورہ کریں اور میرے کام دیکھیں اوربعد میں کارکردگی کے بنیادپر ووٹ دینے کا فیصلہ کریں ،اگر میں نے بلوچستان ،علاقے کی مفاد وپاکستان کے سیاسی مفادات کا خیال نہیں رکھا اور علاقے کے لئے کچھ نہیں کیا ہے تومجھے ووٹ نہ کریں،میں اپنے برادر قبائل کے لوگوں اوربہنوں ،مائوں اور بھائیوں کے پاس ضرور جائونگا اور انکی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کرونگا،اور ان سے درخواست کرونگا کہ وہ آئندہ پانچ سال کے لئے مجھے منتخب کریں تاکہ میں کامیاب ہوکر ان کے لئے اورعلاقے کے لئے کچھ کرسکوں انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ اپنی پارٹی اور جھنڈے کو پورے بلوچستان میں مضبوط کریں ،بلوچستان کے عوام ہمیں ہرگز مایوس نہیں کرینگے ،پاکستان میں ہمیں بھرپور پذیرائی حاصل ہے ہم اصول کے ساتھ بہادری سے کھڑے ہیں ہم بہادری کرتے ہیں اور ظلم کے خلاف کھڑے ہیں ،پارٹی قائد اس وقت مظلومیت کے شکارہیں ،بلوچستان میں کام کرنے کے بہت گنجائش موجود ہیں اور بلوچستان کا سب سے بڑا مسئلہ امن وامان کا تھا مگر پاک افواج نے امن کے لئے بہت اقدامات کئے اور امن بحال کیا،انکی قربانیاں ہمارے لئے قابل فخر ہیں اور اہل بلوچستان پر پاک افواج کے احسانات ہیں ،اس وقت چار حلقوں سے الیکشن لڑرہاہوں جو پاک افواج،ایف سی،پولیس اور سول فورسز کے قربانیوں کے بدولت ممکن ہوئی ہیں کیونکہ امن کے قیام کے پیچھے ان فورسز کے جوانوں کے لہوشامل ہیں ،پنجگور ،خاران اور واشک کے عوام کی قومی اسمبلی میں گزشتہ دس سالوں سے نمائندگی کررہاہوں اور صوبائی اسمبلی کا بھی خواہش مند ہوں ،عوام کے مینڈیٹ اور خواہش کا احترام کرتاہوں عوام نے صوبے یا وفاق میں خدمت کا موقع دیا تو انہیں مایوس نہیں کرینگے ۔