لیاری میں پارٹی ٹکٹ کی غیر منصفانہ تقسیم اورجیالوں کونظراندازکرنے کے خلاف پیپلزپارٹی کے منتخب نمائندوں نے اعلان بغاوت کردیا

پارٹی قیادت نے ہمارا موقف نہ سنا اورلیاری میں میرٹ پرپارٹی ٹکٹ جاری نہ کیے تو پارٹی کے یکطرفہ فیصلوں کے خلاف احتجاجا مستعفی ہوجائیں گے

جمعہ 8 جون 2018 21:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2018ء) لیاری میں پارٹی ٹکٹ کی غیر منصفانہ تقسیم اورجیالوں کونظراندازکرنے کے خلاف پیپلزپارٹی کے منتخب نمائندوں نے اعلان بغاوت کردیا۔ پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے بلدیہ جنوبی کے اراکین نے پارٹی کے یکطرفہ فیصلوں کومسترد کردیاہے اورکہاہے کہ اگرپارٹی قیادت نے ہمارا موقف نہ سنا اورلیاری میں میرٹ پرپارٹی ٹکٹ جاری نہ کیے تو پارٹی کے یکطرفہ فیصلوں کے خلاف احتجاجا مستعفی ہوجائیں گے ۔

بلدیہ جنوبی لیاری کے منتخب نمائندوں کااجلاس جمعہ کو ملک فیاض کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں پیپلزپارٹی قیادت کی طرف سے لیاری میں پارٹی ٹکٹ کی غیرمنصفانہ تقسیم سے پیدا ہونے والی صورتحال پرمشاورت کی گئی ۔ اجلاس میں بلدیہ جنوبی کے پارلیمانی قائد محمود ہاشم، علی سلیمان سومرو، ابراہیم گل، احمد گھانچی، عبدالمجید جت، عبدالمجید بلوچ ،امین میمن ،انور فوجی اور دیگر شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بلدیہ جنوبی کے پیپلزپارٹی کے ارکان نے متفقہ طورپرفیصلہ کیا کہ اگر حلقہ پی ایس 107 اور108 میں میرٹ پرپارٹی ٹکٹ نہ دیا گیا تووہ بلدیہ جنوبی کی رکنیت سے مستعفی ہوجائیں گے۔بلدیہ جنوبی کے منتخب نمائندے اجلاس میں پیپلزپارٹی کراچی کے صدر سعید غنی کے رویے اورپالسیوں کے خلاف پھٹ پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعید غنی پارٹی قیادت کو لیاری کے زمینی حقائق غلط پیش کررہے ہیں اورپارٹی کے سرکردہ لیڈرز کو اندھیرے میں رکھا جارہا ہے۔

اراکین بلدیہ جنوبی کا موقف ہے کہ مشکل وقت میں عوام اور پارٹی کے ساتھ کھڑے رہنے والوں کونظراندازکرکے ایسے لوگوں کو نوازا جارہا ہے جن کا حلقے اورعلاقے سے خاص تعلق نہیں ہے پارٹی ٹکٹ لیاری کے مقامی کارکنان کی بجائے باہرکے لوگوں کو دیے جارہے ہیں ۔ اراکین بلدیہ جنوبی کا کہنا تھا کہ وہ فریال تالپور سے ملاقات کرکے اپنے تحفظات پیش کریں گے اورپارٹی قیادت پرواضح کریں گے کہ غیر معروف لوگوں کو ٹکٹ دے کر لیاری میں پیپلزپارٹی کو مشکل میں ڈال دیا گیا ہے اگرانتخابات میں پیپلزپارٹی کو شکست ہوئی تو ذمہ دار قیادت کو اندھیرے میں رکھنے والے سعید غنی دیگر ہوں گے۔