امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے جمعة الوداع عالمی یوم القدس کے موقع پرمرکزی القدس ریلی نمائش چورنگی تا تبت سینٹر نکالی گئی

مرکزی آزادی القدس ریلی میں خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی مرکزی آزادی القدس ریلی میں بچوں کے خصوصی دستے تیار تھے جنہوں نے سروں پر سرخ پٹیاں باندھ رکھی تھیں جن پر یا قدس ہم آ رہے ہیں کے نعرے آویزاں تھے یہ مسلم امہ کی کمزوری ہے کہ آج 69برس سے غاصب صیہونی ریاست اسرائیل قبلہ اول پر قابض ہے اور مسلم امہ خاموش تما شائی بنی ہوئی ہے، انصر مہدی مسلمان اقوام کو چاہئیے کہ متحد ہو کر قبلہ اول کی آزادی کے لئے جدوجہد کریں ، القدس ریلی سے مقررین کا خطاب

جمعہ جون 21:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 جون2018ء) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے جمعة الوداع عالمی یوم القدس کے موقع پرمرکزی القدس ریلی نمائش چورنگی تا تبت سینٹر نکالی گئی۔مرکزی آزادی القدس ریلی میں خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ شرکائے ریلی نے ہاتھوں میں پاکستانی پرچم سمیت فلسطینی پرچم اور آزادی القدس کے پرچم ہاتھوں میں اٹھا رکھے تھے جبکہ پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر امریکہ مردہ باد، اسرائیل مخالف نعرے درج تھے ، مرکزی آزادی القدس ریلی میں بچوں کے خصوصی دستے تیار کئے گئے تھے جنہوں نے سروں پر سرخ پٹیاں باندھ رکھی تھیں جن پر یا قدس ہم آ رہے ہیں کے نعرے آویزاں تھے۔

اس موقع پر آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر انصر مہدی ، مجلس وحدت المسلمین کے مرکزی رہنما علامہ امین شہیدی، شیعہ ایکشن کمیٹی کے رہنما علامہ مرزا یوسف حسین، جمعیت علمائے پاکستان سندھ کے صدر علامہ عقیل انجم، سمیت دیگر شریک تھے۔

(جاری ہے)

مرکزی آزادی القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدرانصر مہدی نے کہا کہ مسلمان اقوام کو چاہئیے کہ متحد ہو کر قبلہ اول کی آزادی کے لئے جدوجہد کریں ان کاکہنا تھا کہ یہ مسلم امہ کی کمزوری ہے کہ آج 69برس سے غاصب صیہونی ریاست اسرائیل قبلہ اول پر قابض ہے اور مسلم امہ خاموش تما شائی بنی ہوئی ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ امام خمینی نے آج جمعالوداع کو یوم القدس قرار دے کر مظلوموں اور ظالموں میں واضح فرق بتادیا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ آج پوری دنیامیں امام خمینی کے فرمان کے مطابق مسلمانوں سمیت دیگرمذاہب کے لوگ بھی القدس ریلیاں اور مظاپرے منعقد کر رہی ہیں جو اس بات کی دلیل ہے کہ القدس کی آزادی عنقریب ہے،شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ امین شہیدی کاکہنا تھا کہ ایک طرف اسرائیل مظلوم فلسطینیوں کا قتل عام کر رہا ہے تو دوسری جانب مسلم دنیا بالخصوص عرب دنیا کے حکمران اسرائیل جیسی خونخوار ریاست کے ساتھ اپنے تعلقات استوار کر کے فلسطینیو ں کی تحریک آزادی کو نقصان پہنچا رہے ہیں انہوں نے کہاکہ پاکستان پر بھی عرب ممالک کا دباو ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کر لیا جائے لیکن پاکستان کے عوام ہر گز ایسا نہیں ہو نے دیں گے۔

مرکزی آزادی القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے پاکستان سندھ کے صدر علامہ عقیل انجم کاکہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل سمیت مغربی قوتیں مسلمانوں کو تقسیم اور فرقہ واریت میں ملوث کر کے فلسطین اور القدس کی آزادی سے توجہ ہٹانا چاہتی ہیں جس کی واضح مثال چند نا عاقبت اندیش عرب ممالک کی جانب سے فرقہ وارانہ ملٹری الائنس ترتیب دیا گیا ،ان کاکہنا تھا کہ اگر کوئی ملٹری الائنس بنانا ہی مقصود ہے تو پھر سب سے پہلے قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی اور کشمیر کی آزادی کے لئے بنایا جانا چاہیے۔

شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مرزا یوسف حسین نے کہاکہ القدس کی آزادی کے لئے جدوجہد جاری رہے گی اور اگر عرب ممالک کی طرح پاکستان میں بھی اسرائیل کے تسلیم کرنے یا اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بات کی گئی تو پاکستان کا بچہ بچہ سڑکوں پر نکل آئے گا لیکن حکمرانوں کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ مسلمانوں کے قبلہ اول پر سودے بازی کریں اور مظلوم فلسطینیوں کی تحریک آزادی کو زک پہنچائی جائے، اس موقع شرکائے ریلی نے امریکہ مردہ باد، اسرائیل نا منظور ، القدس کی آزادی کے لئے فلک شگاف نعرے بلند کئے جبکہ شرکائے ریلی نے امریکی و اسرائیلی حکمرانوں کے پتلوں سمیت امریکہ اور اسرائیلی پرچم بھی نذر آتش کئے۔

ریلی کے اختتام پر رہنماو ں نے مشترکہ قرار داد پیش کی جس میںدنیا بھر کے مسلم حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی مظالم اور قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کیلئے اپنا کردار ادا کریں جبکہ بحریں ،یمن،نائیجریا،میں چلنے والی اسلامی تحریکوں اورمظلوم فلسطینی مسلمانوں کے حق میں اٹھنے والی تمام مذاحمتی تنظیموں حماس،حزب اللہ، سمیت آزادی فلسطینی تنظیموں کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔