سرکاری بقایاجات کی وصولیوں کا ہدف حاصل کرنے کے لئے سب رجسٹرارزاپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں، ممبر ٹیکس پنجاب بورڈ آف ریونیو

جمعہ 8 جون 2018 21:59

فیصل آباد۔8جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2018ء) ممبر ٹیکس پنجاب بورڈ آف ریونیو اسد اسلام ماہنی نے کہا ہے کہ سرکاری بقایاجات کی وصولیوں کا ہدف حاصل کرنے کے لئے سب رجسٹرارزاپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں اور اس ٹاسک کی تیز رفتار انجام دہی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔انہوں نے یہ ہدایت ڈپٹی کمشنرآفس کے کمیٹی روم میں محکمہ مال کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو محمد شاہد،سب رجسٹرار صدرنازیہ موہل،جنرل اسسٹنٹ ریونیو محمد عمران،تحصیلدار‘نائب تحصیلداراور اراضی ریکارڈ سنٹر کے انچارجز بھی موجود تھے۔ممبر ٹیکس پنجاب بورڈ آف ریونیو نے لینڈ ریونیو،واٹر ریٹ،زرعی انکم ٹیکس،کیپیٹل ویلیو ٹیکس،سٹیمپ ڈیوٹی اوردیگر مدات میں واجبات کی وصولی کی پیش رفت کا جائزہ لیااور متعلقہ افسران کو سخت تاکید کی کہ مقررہ ٹارگٹس کے حصول میں کوئی عذر قابل قبول نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے نچلی سطح پر ریونیو سٹاف کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ناقص کارکردگی کے حامل اہلکاروں سے وضاحت طلب کریں۔انہوں نے جمعبندیوں کے ریکارڈ کو اپ ڈیٹ ،متنازعہ یامسائل زدہ زمینوں کے ریکارڈ کو زیرنظر رکھنے،سرکاری رقبے سے متعلق عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی موثرپیروی کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سے کہا کہ وہ باقاعدگی سے ریونیو امور کا جائزہ لیں اور کارکردگی رپورٹ سے انہیں بھی آگاہ رکھا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ رجسٹری محررزاور دیگر اہلکاروں کو ٹارگٹس تفویض کرے ان کی رپورٹس حاصل کی جائیں۔اجلاس کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے مختلف مدات میں سرکاری واجبات کی ریکوری کی پیش رفت اور اہداف کے حصول کے لئے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :