ایوان علم و فن اور دبستان اقبال کے اشتراک سے ’’معجزہ فن‘‘ کے نام سے قومی فن خطاطی نمائش کا انعقاد

نگران وفاقی وزیر تعلیم نے کیلی گرافی نمائش کا افتتاح کیا

جمعہ 8 جون 2018 22:32

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2018ء) پنجاب انسٹیٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیز میں ایوان علم و فن اور دبستان اقبال کے اشتراک سے ’’معجزہ فن‘‘ کے نام سے نیشنل کیلی گرافی نمائش کا انعقاد کیا گیا‘ قومی فن خطاطی نمائش میں لاہور سمیت ملک بھر سے ماہرین فن خطاط نے خصوصی شرکت کی‘ نمائش میں ملک بھر سے کیلی گرافسٹ نے اپنے فن پارے نمائش کیلئے پیش کئے‘ جسے حاضرین نے بھرپور سراہا‘ نمائش میں قرآنی مسودات اور ہاتھ سے لکھا ہوا قرآن پاک بھی پیش کیا گیا‘ قومی کیلی گرافی نمائش کا افتتاح نگران وفاقی وزیر تعلیم یوسف شیخ نے کیا‘ اس موقع پر صدر قرآن فائونڈیشن نصیر بلوچ، جنرل سیکرٹری کیلی گرافی ایسوسی ایشن پاکستان عرفان احمد قریشی‘ جسٹس (ر) خلیل احمد خان‘ کرنل (ر) مقصود احمد سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نگران وفاقی وزیر تعلیم یوسف شیخ نے کہا کہ کیلی گرافی ہمارا قومی ورثہ ہے اور اس کی بقاء کیلئے اس طرح کی نمائش خوش آئند ہے‘اس طرح کی نمائش ملک کے دوسرے بڑے شہروں میں بھی منعقد ہونی چاہئیں۔ انہوں نے بتایا کہ قرآن پاک کی آیات کو خوبصورت انداز میں لکھ کر اور قدیم قرآنی مسودات کو محفوظ کرنے کا فن عوام میں مقبول ہوتا جارہا ہے۔