نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی پیسکو چیف کو صوبے میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے اور بجلی کی مسلسل فراہمی کیلئے مؤثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت

جمعہ 8 جون 2018 23:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جون2018ء) نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) دوست محمدنے پیسکو چیف کو صوبے میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے اور بجلی کی مسلسل فراہمی کیلئے مؤثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے وہ پیسکو کے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر امجد سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں ٹرانسمیشن سسٹم کی اپ گریڈیشن اور لوڈ شیڈنگ سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا نگران وزیر اعلیٰ نے صوبے میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے فوری اقدامات کرنے اور رمضان میں لوگوں کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کی ہدایت کی ہے انہوں نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں لوگوں کو ریلیف ضرور دیا جائے دوست محمد نے پیسکو چیف کو ہدایت کی کہ الیکشن میں بجلی کی فراہمی کے لئے بھی ضروری اقدامات کئے جائیں انہوں نے کہا کہ پیسکو چیف بذات خود لوڈ شیڈنگ ، لوڈ مینجمنٹ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی نگرانی کریں اور اس سلسلے میں نظر آنے والے اقدامات کریں نگران وزیر اعلیٰ نے لائن لاسز پر قابو پانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بجلی چوری کے پیچھے منطقی عوامل ہیں جن کا فوری ادراک اور تدارک ہونا چاہئے لوگوں کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ صوبہ بجلی کے شیئرنگ فارمولہ کے تحت اپنے حصے سے کم وصول کر رہا ہے ، باوجود اسکے کہ یہ صوبہ اپنی ضروریات سے زیادہ بجلی پیدا کرتا ہے انہوں نے کہا کہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے صوبے میں امن و امان کا مسئلہ پیدا ہوتا ہے اور لوگوں کو قانون اپنے ہاتھ میں لینے پر مجبور کرتا ہے اور لوگ سڑکوں پر نکل آتے ہیں نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ بات سمجھ سے بالا تر ہے کہ ہم پن بجلی پیداوار میں دلچسپی کیوں نہیں لے رہے حالانکہ ہمارے پاس ایسی متعدد سائٹس موجود ہیں جن سے پن بجلی پیدا کرکے ہم اپنی ضروریات آسانی سے پوری کر سکتے ہیں انہوں نے ملاکنڈ کے ایک دورے کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ ایک مختصر دورے میں انہوں نے ملاکنڈ میں ساٹھ ایسے قدرتی واٹر فال دیکھے ہیں جہاں ٹربائین کے ذریعے ہر واٹر فال سے خاطر خواہ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے دوست محمد نے کہا کہ صوبے میں پن بجلی پیدا کرنے کی بڑی استعداد موجود ہے جس سے توانائی کے بحران پر قابو پایا جا سکتا ہے انہوں نے پیسکو چیف سے کہا کہ وہ سسٹم کو اپ گریڈ کریں اور مطلوبہ لوڈ اٹھانے کے قابل بنائیں انہوں نے کہا کہ عوام بجلی کے end consumersہیں اس لئے انہیں victimنہ بنایا جائے عوام کو ریلیف دینا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے پیسکو کو چاہئے کہ وہ اپنی کمزوریوں کو دور کرے اور مجموعی سسٹم کو عوام کو ریلیف دینے کیلئے مستعد بنائے انہوں نے یقین دلایا کہ نگران صوبائی حکومت بجلی چوری کے خلاف پیسکو سے تعاون کرے گی تاہم صوبے میں غیر ضروری لوڈ شیڈنگ کی حمایت یا تعاون نہیں کریں گے دوست محمد نے کہا کہ اگر پیسکو حکام میں کام کرنے کا جذبہ اور عزم ہو تو وہ یقینی طور پر ماہ مقدس رمضان کے دوران لوگوں کو ریلیف دینے کا راستہ نکال لیں گے انہوں نے شمسی توانائی کے امکان کو exploreکرنے اور صوبے میں بجلی پیدا کرنے کیلئے ونڈ کوریڈور تلاش کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔